
63 ویں الائیڈ بینک نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ لاہور پولو کلب میں شروع ہو گئی۔
لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام پاکستان کا سب سے بڑا پولو ٹورنامنٹ 63 ویں الائیڈ بینک نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ لاہور پولو کلب میں شروع ہوگیا۔
پہلے روز کھیلے گئے میچ میں ماسٹر پینٹس /ڈائمنڈ پینٹس نے زبردست مقابلے کے بعد بی این پولو کو 12-9 سے شکست دے دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست میچ ہوا۔ ماسٹر پینٹس /ڈائمنڈ پینٹس کی ٹیم نے پہلے چکر سے ہی لیڈ حاصل کرلی جو پانچویں اور آٰخری چکر تک برقرار رہی۔
ایرانی کھلاڑی عامر رضا بہبودی نے چھ خوبصورت گول سکور کیے جبکہ فاکو ریٹمار نے پانچ اور صوفی محمد ہارون بن حارث نے ایک گول سکور کیا۔ بی این پولو کی طرف سے لاو ابی لینڈا نے پانچ، ٹی ٹو رئیوز گزنو نے تین اور ابراہیم خلیل نے ایک گول سکور کیا۔
آج بروز بدھ کو ساڑھے تین بجے بی این پولو کا مقابلہ ایف جی پولو سے ہوگا۔ نیشنل اوپن 14 گول کا پاکستان پولو ایسوسی ایشن کا کیلنڈر ٹورنامنٹ ہے جس کا 63 واں ایڈیشن لاہور پولو کلب میں کھیلا جا رہا ہے
جسے الائیڈ بینک لمیٹڈ نے سپانسر کیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں تین ٹیمیں شامل ہیں ہر ٹیم میں دو غیرملکی کھلاڑی بھی شریک ہیں جبکہ امپائر بھی غیرملکی ہیں۔ میچ دیکھنے کیلئے تماشائیوں اور فیملیز کی اچھی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر کلب کے صدر ملک اعظم حیات نون، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز، سیکرٹری میجر امجد غفور اور پولو کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔



