
ہاکی ورلڈ کپ 2026: پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل
بیلجیم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے FIH ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے آفیشل ڈرا کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے بعد عالمی ہاکی کے سب سے بڑے ایونٹ کے گروپس سامنے آ گئے ہیں۔
پاکستان کو گروپ ڈی میں رکھا گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ مضبوط ٹیموں انگلینڈ، بھارت اور ویلز سے ہوگا۔ اس گروپ کو ایونٹ کا سب سے سخت اور دلچسپ گروپ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ پاک بھارت مقابلہ ایک بار پھر شائقین کی توجہ کا مرکز بنے گا۔
تفصیلات کے مطابق دیگر گروپس کچھ یوں ہیں:
پول اے: نیدرلینڈز، ارجنٹینا، نیوزی لینڈ، جاپان
پول بی: بیلجیم، جرمنی، فرانس، ملائیشیا
پول سی: آسٹریلیا، اسپین، آئرلینڈ، جنوبی افریقہ
پول ڈی: انگلینڈ، بھارت، پاکستان، ویلز
ایونٹ 2026 میں بیلجیم اور نیدرلینڈز میں کھیلا جائے گا، جہاں دنیا کی ٹاپ ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ پاکستان کے لیے یہ ٹورنامنٹ اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور عالمی سطح پر کم بیک کرنے کا اہم موقع ہوگا۔
ہاکی ورلڈ کپ 2026: کیا پاکستان اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کر پائے گا؟
بیلجیم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے پاکستان کو ایک ایسا گروپ ملا ہے جسے ہاکی کے ماہرین نسبتاً موافق (Not a bad draw) قرار دے رہے ہیں۔ پاکستان کو ہر پوٹ سے نسبتاً کم رینک ٹیمیں ملی ہیں، جس سے اگلے مرحلے تک رسائی کی امیدیں روشن ہو گئی ہیں۔
گروپ ڈی میں ٹیموں کی عالمی رینکنگ کچھ اس طرح سے ہے۔
اس گروپ میں ٹاپ دو ٹیمیں دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، اور یہی وہ موقع ہے جہاں پاکستان اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھ سکتا ہے۔
میرے خیال میں گروپ ڈی کافی حد تک اوپن ہے، جہاں کسی بھی ٹیم کے لیے جیت کے امکانات موجود ہیں۔ پاکستان اگر مستقل مزاجی اور بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترے تو کوارٹر فائنل تک رسائی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔
خاص طور پر پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ایک بار پھر شائقین کی توجہ کا مرکز ہوگا، جبکہ انگلینڈ کے خلاف میچ بھی فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔
مجموعی طور پر یہ ڈرا پاکستان کے لیے ایک سنہری موقع ہے کہ وہ عالمی ہاکی میں اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرے۔



