فٹ بال

ایران کی فٹبال ٹیم ورلڈکپ میں شرکت کرےگی، فیفا صدر

ایران کی فٹبال ٹیم ورلڈکپ میں شرکت کرےگی، فیفا کے صدرکا ایرانی ٹیم سے ملاقات کے بعد اعلان

فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے کہا ہے کہ ایران کی فٹبال ٹیم اپنے ورلڈ کپ 2026 کے گروپ میچز طے شدہ شیڈول کے مطابق امریکا میں ہی کھیلے گی۔

انہوں نے یہ بات ترکیہ میں ایرانی ٹیم، ہیڈ کوچ اور ایرانی فٹبال فیڈریشن کے نائب صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جہاں ایران کی ٹیم کوسٹا ریکا کے خلاف دوستانہ میچ کے لیے موجود تھی۔

واضح رہے کہ ایران ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے، جو امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں 11 جون سے شروع ہوگا۔

ایران کے تمام گروپ میچز امریکا میں شیڈول ہیں، جہاں وہ 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا میچ کھیلے گا، اس کے بعد 21 جون کو بیلجیئم اور 27 جون کو مصر کے مدمقابل آئے گا۔

اس سے قبل ایرانی فٹبال فیڈریشن نے جاری کشیدگی کے باعث میچز کو میکسیکو منتقل کرنے کے لیے فیفا سے بات چیت کی خواہش ظاہر کی تھی،

جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایران کی امریکا میں شرکت پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ ایران نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسے ورلڈ کپ سے باہر نہیں کیا جا سکتا۔

تاہم تازہ ملاقات کے بعد فیفا صدر نے واضح کر دیا کہ ایران کے میچز وہیں کھیلے جائیں گے جہاں شیڈول طے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا اور تمام معاملات معمول کے مطابق ہیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!