
ساوتھ ایشین جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2026 اسلام آباد میں شروع،
کے پی کے 6 کھلاڑی ایکشن میں
اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) ساوتھ ایشین جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2026 کا آغاز اسلام آباد میں ہو گیا ہے، جس میں خیبر پختونخوا کے چھ باصلاحیت میل کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انڈر 23 کیٹیگری میں عمر جہانگیر اور محمد زید، انڈر 19 میں قاری محمد عمر، فہد احمد اور حاشر شاہ جبکہ انڈر 16 میں محمد حسنین ایکشن میں نظر آئیں گے۔
یہ تمام کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے ملک کے لیے میڈلز جیتنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے ہیں۔
خیبرپختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدر بلال خان جو کہ ٹیم منیجر بھی ہیں اور کوچ حیات اﷲ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی بھرپور تیاری کے ساتھ چیمپئن شپ میں حصہ لے رہے ہیں اور انشاءاللہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈلز اپنے نام کریں گے۔
خیبر پختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل میاں صداقت شاہ نے امید ظاہر کی ہے کہ کھلاڑی کامیابی کے ساتھ وطن واپس لوٹیں گے اور ان کے اعزاز میں بھرپور اور پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ساوتھ ایشین جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں خطے کے مختلف ممالک کے کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں، جہاں سخت مقابلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔



