
خیبر پختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب
پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) خیبر پختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں صوبے کے باصلاحیت ٹینس کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا،تاشفین حیدر تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ٹینس کے فروغ کے لیے ایسوسی ایشن کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
اس موقع پر ایم فیضان آفریدی کوجونیئر ساﺅتھ ایشین ٹینس چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیتنے پر خصوصی طور پر اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ چیمپئن شپ 13 سے 19 اپریل 2026 تک نیپال کے دارالحکومت Kathmandu میں منعقد ہوئی تھی۔
ان کی شاندار کامیابی پر مجموعی طور پر 20 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا، جس میں 10 ہزار روپے کاشان عمر خلیل اور 10 ہزار روپے اعجاز احمد خان کی جانب سے دیے گئے۔ انعامی رقم مہمانِ خصوصی نے کھلاڑی کو پیش کی۔
اسی طرح ایم شیان آفریدی کو بہترین کارکردگی پر 10 ہزار روپے جبکہ ذاکر اللہ، انعام گل اور اسرار گل کو کھیل سے وابستگی اور محنت کے اعتراف میں فی کس 5 ہزار روپے دیے گئے۔
تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری فاریسٹ احمد زیب، ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ امین اللہ، ریجنل اسپورٹس آفیسر پشاور کاشف فرحان، ایڈمنسٹریٹو آفیسر پشاور اسپورٹس کمپلیکس یوسف آفریدی،
چیف کوچ شفقت اللہ، سینئر نائب صدر کے پی ٹینس ایسوسی ایشن ملک عمر ایاز خلیل سمیت دیگر کوچز رومان، شاہد آفریدی اور جانان نے شرکت کی۔
خیبر پختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صوبے میں ٹینس کو نچلی سطح تک فروغ دینے اور نئے ٹیلنٹ کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔



