PSL2026

پی ایس ایل فائنل: لاہور میں ٹریفک انتظامات مکمل، سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات

پی ایس ایل فائنل: لاہور میں ٹریفک انتظامات مکمل، سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات

پاکستان سپر لیگ 11 کے فائنل کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے جامع ٹریفک پلان ترتیب دے دیا ہے، جبکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

پی ایس ایل 11 کا فائنل آج لاہور میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق 8 ڈی ایس پیز، 90 ٹریفک انسپکٹرز اور 500 سے زائد وارڈنز ڈیوٹی انجام دیں گے، جبکہ شائقین کی سہولت کے لیے 5 پارکنگ اسٹینڈز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ غلط پارکنگ کی روک تھام کے لیے 11 فوک لفٹرز تعینات کیے گئے ہیں۔ شائقین اپنی گاڑیاں گورنمنٹ کالج فار بوائز اور سی بی ڈی پارکنگ میں کھڑی کر سکیں گے،

جبکہ مغل پورہ اور گڑھی شاہو سے آنے والے افراد مین بلیوارڈ گلبرگ لبرٹی میں پارکنگ کریں گے۔ مال روڈ، جیل روڈ اور کینال روڈ سمیت تمام بڑی شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ میچ کے دوران 7 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کریں، پولیس اہلکار ہر وقت چوکس رہیں اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے پُرامن انعقاد کے لیے سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ رکھا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب کے مطابق کھلاڑیوں کی رہائش گاہوں، روٹس اور اسٹیڈیم کے اطراف سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے، جبکہ اسٹیڈیم اور اردگرد کی بلند عمارتوں پر پولیس اسنائپرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!