
پاکستان لیکروس فیڈریشن کے زیراہتمام پی ایس بی میں ٹریننگ کیمپ کا آغاز
اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان لیکروس فیڈریشن نے “کھیل سب کے لیے” اور نوجوان کھلاڑیوں کی نچلی سطح پر ترقی کے وڑن کے تحت پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اور سیکرٹری آئی پی سی،محی الدین احمد وانی کی ہدایات پر پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں “لیکروس فار آل ٹریننگ پروگرام” کا آغاز کر دیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت تمام اسکولوں کو کھلی دعوت دی گئی ہے کہ وہ اس منفرد اقدام میں شامل ہو کر مفت پروفیشنل لیکروس ٹریننگ سے فائدہ اٹھائیں۔
پاکستان لیکروس فیڈریشن کی جانب سے تمام کھیلوں کا سامان اور تربیتی سہولیات مکمل طور پر مفت فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ تربیت بین الاقوامی معیار کے پروفیشنل اور سرٹیفائیڈ کوچز کی نگرانی میں دی جائے گی۔
فیڈریشن کے سیکرٹری طیفور زرین کے مطابق اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا، ان میں کھیلوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
پاکستان لیکروس فیڈریشن اسلام آباد کے مختلف اسکولوں اور کالجوں میں لیکروس ورکشاپس کا بھی انعقاد کرے گی تاکہ نوجوان نسل کو اس کھیل سے روشناس کرایا جا سکے اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دیا جا سکے۔
فیڈریشن نے نوجوانوں، تعلیمی اداروں اور کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پروگرام میں بھرپور شرکت کریں اور پاکستان میں لیکروس کے روشن مستقبل کا حصہ بنیں



