
پی سی بی کا ہنگامی فیصلہ – پریذیڈنٹ ٹرافی کے میچز شیخوپورہ اور لاہور منتقل
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نےخیبر پختونخوا میں سیاسی صورتحال کے باعث پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے جاری فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے پشاور اور ایبٹ آباد میں شیڈول میچز دوسرے شہروں میں منتقل کر دیے ہیں۔
یہ مقابلے اب شیخوپورہ اور لاہور میں ہوں گے۔
کرک انفو کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے اعلان کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہونے والے میچز پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے
جہاں چھٹے راؤنڈ کا آغاز پیر سے ہوگا۔پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں غنی اور حیدرآباد کنگز مین اکیڈمی کے درمیان میچ 14 اکتوبر سے شیخوپورہ کی رانا نوید اکیڈمی میں کھیلا جائے گا ۔
ایبٹ آباد میں شیڈول سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کا مقابلہ لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔
آخری راؤنڈ کے میچز اب 19 اکتوبر سے شروع ہوں گے ۔ مارخور آئی ٹی سلوشنز اور پاکستان ٹی وی کا میچ بھی لاہور میں ہوگا۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال
پریذیڈنٹ ٹرافی کے پوائنٹس ٹیبل پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان 84 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ غنی کی ٹیم 70 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
حیدرآباد کنگزمین اکیڈمی، پاکستان ٹیلی ویژن، مارخور آئی ٹی سلوشنز اور او جی ڈی سی ایل اب تک ایک، ایک میچ جیت چکی ہیں۔ گزشتہ سیزن کی فائنلسٹ ٹیمیں خان ریسرچ لیبارٹریز اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ تاحال کوئی میچ نہیں جیت سکیں۔
واضح رہے پریذیڈنٹ ٹرافی کے لیگ مرحلے میں آٹھ ٹیمیں راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت ایک دوسرے کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلتی ہیں۔ لیگ مرحلے میں سرفہرست رہنے والی دو ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی تاہم فائنل کے مقام کی ابھی تصدیق نہیں کی گئی۔



