
ایشین ڈبلز سکواش چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے پاکستانی ٹیم ملائیشیا روانہ ہو گئی۔
اسلام آباد: پاکستان کی قومی اسکواش ٹیم ایشین ڈبلز سکواش چیمپئن شپ 2026 میں شرکت کے لیے ملائیشیا روانہ ہو گئی۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے قومی اسکواش ٹیم سراواک، ملائیشیا کے لیے روانہ ہوئی، جہاں وہ ایشیا کے مختلف ممالک کی ٹیموں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔
تھرڈ ایشین ڈبلز اسکواش چیمپئن شپ 18 سے 21 جون تک سراواک، ملائیشیا میں کھیلی جائے گی، جس میں پاکستان سمیت مختلف ایشیائی ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ٹیم کی قیادت ایئر کموڈور (ر) امیر نواز، سیکرٹری پی ایس ایف، ہیڈ کوچ فہیم گل کر رہے ہیں۔ پاکستان نے اس پروقار ایونٹ میں 2 ٹیمیں شامل کی ہیں۔
ٹیم 1: نور زمان ورلڈ جونیئر چیمپئن انڈر 23 (2025) اور ناصر اقبال پاکستان کے ٹاپ تجربہ کار کھلاڑی
ٹیم 2: حمزہ خان ورلڈ جونیئر چیمپئن 2023 اور محمد عاصم خان پاکستان کے ٹاپ تجربہ کار کھلاڑی
گزشتہ سال، پاکستان نے ملائیشیا کے شہر سراواک میں منعقدہ دوسری ایشین ڈبلز چیمپئن شپ 2025 میں 1 ٹیم میں شمولیت اختیار کی اور سلور میڈل حاصل کیا۔



