
پرو ہاکی لیگ میں پاکستان کی مسلسل 14ویں شکست، انگلینڈ نے بھی ہرا دیا
لندن: ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے ایک میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 2-1 سے شکست دے دی۔ میچ کے پہلے ہاف میں پاکستان نے ایک گول کی برتری حاصل کر رکھی تھی اور وقفے تک قومی ٹیم 1-0 سے آگے تھی۔
تاہم تیسرے کوارٹر میں انگلینڈ نے دو گول اسکور کرکے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور برتری حاصل کر لی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
مقابلے کے دوران انگلینڈ کو 18 پینلٹی کارنرز ملے، تاہم پاکستان کے گول کیپر علی رضا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 مواقع ناکام بنائے۔ انگلینڈ صرف ایک پینلٹی کارنر پر گول کرنے میں کامیاب ہوا۔
پاکستان ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ پرو لیگ میں اپنا اگلا میچ 26 جون کو رات 10 بجے (پاکستانی وقت) بھارت کے خلاف کھیلے گی۔



