
ملک بھر سے 441 سکولز نیشنل ہاکی پورٹل پر رجسٹرڈ ہو گئے
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے وزارتِ بین الصوبائی رابطہ (ائی پی سی) اور پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے تعاون سے گراس روٹ لیول پر ہاکی کے فروغ کے لیے شروع کی گئی قومی مہم کے تحت اہم کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ملک بھر سے 441 اسکولز اب تک نیشنل ہاکی پورٹل پر رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔
تعلیمی اداروں کی اس بھرپور شرکت سے ملک میں قومی کھیل کی بحالی اور گراس روٹ لیول پر طلباء کو منظم سہولیات فراہم کرنے کی جدید کاوشوں کو شدید پزیرائی ملی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کو توقع ہے کہ اس پیشرفت کے نتیجے میں اگلے دو ہفتوں کے اندر رجسٹرڈ اسکولوں کی تعداد 1,000 تک پہنچ جائے گی، جو پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اسکول ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔
یہ ہدف حاصل کرتے ہی پی ایچ ایف کی جانب سے تمام متعلقہ اسکولوں میں اسپورٹس سامان اور ہاکی کیٹس کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ سند یافتہ (Certified) ہاکی کوچز کو متعلقہ اضلاع میں تعینات کیا جائے گا تاکہ اسکولوں کے بچوں کے لیے باقاعدہ تربیتی کیمپس کا آغاز کیا جا سکے۔
یہ تربیتی پروگرام نوجوان کھلاڑیوں کو فرسٹ نیشنل انڈر-15 ہاکی چیمپئن شپ کے لیے تیار کریں گے، جو فروری 2027 میں منعقد کی جائے گی۔ یہ چیمپئن شپ ابھرتے ہوئے سرفہرست ہاکی ٹیلنٹ کو تلاش کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ایک بہترین قومی پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔
نیشنل ہاکی پورٹل، اسکول کی سطح سے پائیدار ٹیلنٹ فراہم کرنے اور پاکستان ہاکی کی باضابطہ بحالی کے لیے پی ایچ ایف کے طویل المدتی وژن کا بنیادی ستون ہے۔ فیڈریشن کا مقصد اسکولوں،
صوبائی ایسوسی ایشنز اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر باصلاحیت کھلاڑیوں کی ایک نرسری تیار کرنا ہے جو آگے چل کر بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن تمام اسکول انتظامیہ، اساتذہ، والدین اور صوبائی اسٹیک ہولڈرز کے پرجوش تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتی ہے اور قومی کھیل کی اس تاریخی بحالی مہم میں مزید تعلیمی اداروں کی شمولیت کی منتظر ہے۔



