اے سی سی ویمنز ایشیا کپ ٹرافی کی رونمائی ، تمام ٹیموں کی کپتانوں کی شرکت
ایشیا کپ کا پہلا سیمی فائنل 10 ستمبر جبکہ ایونٹ کا فائنل 13 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا

ویمنز ایشیا کپ کا میلہ سج گیا، ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ کرکٹرز کی شاندار پرفارمنس
دبئی ; اے سی سی ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کی ٹرافی کی دبئی میں رونمائی کردی گئی، تقریب میں ایونٹ میں شریک تمام 8 ٹیموں کی کپتانوں نے شرکت کی،
جبکہ ٹورنامنٹ سے قبل ویمن کرکٹرز کے منفرد فوٹو سیشن نے بھی شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔دبئی میں اے سی سی ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب منعقد ہوئی،
جس میں پاکستان، بھارت، بنگلادیش، سری لنکا، تھائی لینڈ، انڈونیشیا، ہانگ کانگ اور میزبان متحدہ عرب امارات کی کپتانوں نے شرکت کی۔ایونٹ کے تمام 15 میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
ویمنز ایشیا کپ کا آغاز تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کے درمیان میچ سے ہوگا، جبکہ پاکستان ویمن ٹیم یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 5 ستمبر کو مدِمقابل ہوں گی۔
ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 10 ستمبر، دوسرا سیمی فائنل 11 ستمبر جبکہ فائنل 13 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔دوسری جانب ایشیا کپ سے قبل ٹیموں کے فوٹو سیشنز بھی ہوئے،
جہاں ویمن کرکٹرز نے روایتی انداز سے ہٹ کر ڈانس اور مختلف اسٹائلز کے ذریعے ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں نے بھی فوٹو سیشن میں شرکت کی،
جبکہ سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور تھائی لینڈ کی کرکٹرز نے مختلف دھنوں پر ڈانس پرفارمنس پیش کی۔ ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ان سرگرمیوں کی ویڈیوز اور تصاویر جاری کی گئی ہیں۔
ٹرافی کی رونمائی اور رنگا رنگ سرگرمیوں کے ساتھ ویمنز ایشیا کپ کا ماحول سج گیا ہے، اب شائقین کی نظریں یکم ستمبر کو پاکستان کے افتتاحی میچ اور 5 ستمبر کے پاک بھارت ٹاکرے پر ہیں۔
یاد رھے کہ پاکستان نے اب تک ویمنز ایشیا کپ کا ٹائٹل نہیں جیتا۔ قومی ٹیم سنہ 2012 اور سنہ 2016 میں فائنل تک پہنچی تھی تاہم دونوں مرتبہ اسے بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔



