
نیشنل ٹینس چیمپئن شپ: لاہور کے ابراہیم حسین گل نے انڈر 12 کا ٹائٹل جیت لیا
رپورٹ : (نواز گوہر) کراچی کلب میں منعقدہ 23 ویں ویسٹ بَری نیشنل ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے شاندار انداز میں اختتام پذیر ہو گئے۔ لاہور کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی ابراہیم حسین گل نے بوائز انڈر 12 سنگلز کا ٹائٹل اپنے نام کر کے ٹورنامنٹ کی نمایاں ترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اختتامی تقریب میں کھلاڑیوں، عہدیداروں اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
چیمپئن شپ کے اسپانسر اور ویسٹ بَری گروپ کے چیف ایگزیکٹو رشید جان محمد نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی اور مختلف کیٹیگریز کے فاتحین اور رنر اپس میں کرسٹل کی خوبصورت ٹرافیاں اور 1 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کی ٹینس بالز بطور انعام تقسیم کیں۔
پشاور کے شایان آفریدی نے ٹورنامنٹ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈبل کراؤن حاصل کیا۔ انہوں نے بوائز انڈر 18 اور انڈر 14 دونوں سنگلز ٹائٹلز اپنے نام کیے، جس نے قومی سطح پر جونیئر ٹینس کے بہترین استعداد کی عکاسی کی۔
گرلز کیٹیگری میں اسلام آباد کی عنایہ خان نے گرلز انڈر 18 سنگلز کا ٹائٹل جیتا، جبکہ کراچی کی دعا یوسف نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرلز انڈر 14 اور انڈر 12 سنگلز کے دونوں ٹائٹل جیت کر دوہری کامیابی حاصل کی۔
یہ قومی چیمپئن شپ ملک بھر سے آئے ہوئے امید افزا جونیئر کھلاڑیوں کو اپنی صلاحتیوں کے اظہار اور قومی اعزازات حاصل کرنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی رشید جان محمد نے سندھ ٹینس ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہا جو مقامی، صوبائی اور قومی سطح پر ٹینس کے فروغ اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
انہوں نے کھیل کے فروغ کے لیے ویسٹ بَری گروپ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے آئندہ سال 24 ویں ویسٹ بَری نیشنل ٹینس چیمپئن شپ کی سپانسرشپ جاری رکھنے اور اسے مزید وسیع پیمانے پر منعقد کرانے کا بھی اعلان کیا۔



