ہدایت الرحمان اور صفا مروہ نے خیبرپختونخوا ٹیک بال چیمپئن شپ جیت لی
چیمپئن شپ میں صوبے کے تمام ڈویژن سے پچاس سے زائد مرد وخواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا ۔

ہدایت الرحمان اور صفا مروہ نے خیبرپختونخوا ٹیک بال چیمپئن شپ جیت لی
پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ) خیبرپختونخوا ٹیک بال چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی ، پشاور کے ہدایت اﷲ الرحمان اور صفا مروہ نے ٹرافی اپنے نام کرلی ، چیمپئن شپ میں صوبے کے تمام ڈویژن سے پچاس سے زائد مرد وخواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا ۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ریجنل سپورٹس آفیسر پشاور کاشف فرحان ، چیف کوچ ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا شفقت اللہ ،
راحت میاں چیئرمین پاکستان ٹیک بال فیڈریشن اور شفیق احمد نائب صدر کے پی ٹیک بال ایسوسی ایشن نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور 50 ہزار کے نقد انعامات تقسیم کئے۔
اس موقع پر آرگنائزنگسیکرٹری میاں ابصار علی بانی ٹیک بال پاکستان وجاہت علی جی ایس کے پی ٹیک بال ایسوسی ایشن، اختر رسول نائب صدر کے پی ٹیک بال ایسوسی ایشن، ملک فراز اور یاسر اسلام سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں ۔
قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں تین روزہ ٹیک بال چیمپئن شپ کا فائنل میں پشاور کے ہدایت اور چترال کے جلال الدین کے مابین کھیلاگیا جس میں ہدایت نے تین صفر سے کامیابی حاصل کی ۔
سیمی فائنل میں ہدایت نے مردان کے حسنین ریاض کو تین دو سے جبکہ جلال الدین نے پشاور کے منیم صدیقی کو تین دو سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کی ۔
خواتین فائنل میں صفا مروہ نے حنا خان کو 3-1 سے شکست دی۔اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں حنا نے نادیہ خان کو جبکہ صفا مروہ نے کائنات چارسدہ کو شکست دی۔
اسی طرح مکس ڈبل فائنل میں ہدایت الرحمان اور صفا نے نادیہ اور منیم کو 3-2 سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی۔
اس موقع پر پاکستان ٹیک بال فیڈریشن کے چیئر مین راحت میاں نے کامیاب ایونٹ کے انعقاد پرخیبرپختونخوا ٹیک بال ایسوسی ایشن کومبارکباد دیتے ہوئے پشاور میں جلد نیشنل چیمپئن شپ منعقد کرانے کا بھی اعلان کیا جس میں ملک بھر سے کھلاڑی شرکت کرینگے ۔



