انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے فخر زمان پر جرمانہ عائد کردیا

فخر زمان کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر سزا یافتہ قرار
پاکستان کے اوپننگ بلے باز فخر زمان کو سری لنکا کے خلاف ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر سزا سنائی گئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فخر زمان نے میچ کے اہم مرحلے میں آؤٹ دیئے جانے پرعدم اتفاق کا اظہار کرتے ہوئے ایمپائر سے بحث کی،
جو کہ کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.3 کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
یہ خلاف ورزی لیول ون کی کیٹیگری میں شامل ہے جو کھیل کے دوران نظم و ضبط اور ایمپائرز کے فیصلوں کے احترام سے متعلق ہے۔
فخر زمان کو اس حرکت پر میچ فیس کا دس فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کردیا گیا ہے۔
آئی سی سی قوانین کے مطابق دو سال کے اندر چار ڈی میرٹ پوائنٹس جمع ہونے پر کھلاڑی کو ایک میچ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
میچ کے دوران یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاکستانی بلے باز کو ایمپائر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ قراردیا، جس پر فخر زمان نے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سخت لہجے میں اعتراض اٹھایا۔
ایمپائر کی جانب سے رپورٹ کیے جانے کے بعد میچ ریفری نے ثبوتوں کا جائزہ لیا اور سزا کا فیصلہ سنایا۔



