
ایل جی پی جی ریڈ نے چھٹی پاکستان پولو ایسوسی ایشن جونیئر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔
لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) لاہور گیریژن پولو گراؤنڈز کے زیراہتمام پاکستان پولو ایسوسی ایشن کا سب سے اہم ایونٹ چھٹی جونیئر پولو چیمپئن شپ ٹیم ایل جی پی جی ریڈ نے جیت لی۔
ٹی سی ایل سپانسرڈ انڈر 19 جونیئر پولو چیمپئن شپ کے چھٹے ایڈیشن کا فائنل ایل جی پی جی ریڈ اور ایل جی پی جی وائٹ کی ٹیموں کے درمیان ہوا جس میں ریڈ ٹیم نے زبردست مقابلے کے بعد میچ 6.5-4 گول سے جیتا۔
فائنل میچ دیکھنے کیلئے ٹی سی ایل کے آفیشلز مارکیٹنگ مینجر محمد اویس، پولو کے کھلاڑی، جونیر بچوں کی فیملیز، سیکرٹری میجر بابر محبوب (اعوان) اور پولو لورز کی بڑی تعداد فوٹریس سٹیڈیم لاہور میں موجود تھی۔
ایل جی پی جی ریڈ کی طرف سے ابھرتی ہوئی خاتون کھلاڑی رابیل حسین اور جونیئر کھلاڑی عیسی بارک اور ذکریا داؤد نے شاندار کھیل پیش کیا۔
ریڈ ٹیم کی طرف سے عیسی بارک عثمان اور ذکریا داؤد علی خان نے دو دو گول جبکہ رابیل حسین اور محمد حسن خان نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ آدھا گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔
وائٹ ٹیم کی طرف سے صائم عباس اور ابراہیم خان نے دو دو گول سکور کیے۔ اختتامی تقریب میں عیسی بارک عثمان (ہارڈیز) کا کہنا تھا کہ جیت کر بہت اچھا لگا۔ پہلی بار جونیئر پولو چیمپئن شپ کھیلی اور پہلی بار ہی ٹیم نے فتح حاصل کی جو کہ پوری ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
کلب سیکرٹری میجر بابر محبوب اعوان (ر) کے مطابق جونیئر پولوچیمپئن شپ پاکستان پولو ایسوسی ایشن کا کیلنڈر ایونٹ ہے جو پچھلے دو سال سے اسی کلب میں ہو رہا ہے۔ اس سال بڑی تعداد میں جونیئر کھلاڑیوں نے شرکت کی جو کہ پولو کی پرموشن کیلئے خوش آئند ہے۔



