پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ، ڈائمنڈ جوبلی ٹورنامنٹ کا میچ بغیر کسی گول کے برابر

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ،
ڈائمنڈ جوبلی ٹورنامنٹ کا میچ بغیر کسی گول کے برابر
پاکستان کی مردوں کی قومی فٹبال ٹیم نے مالدیپ میں جاری ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف سخت مقابلے کے بعد 0-0 کی برابری سے کیا۔
شاہینز اور بنگال ٹائیگرز دونوں نے متعدد مواقع پیدا کیے، تاہم کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی اور دونوں نے ایک ایک پوائنٹ حاصل کیا۔
مالدیپ کے دارالحکومت مالے کے نیشنل فٹبال اسٹیڈیم میں شدید گرمی اور حبس کے باوجود پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان پورے 90 منٹ بھرپور مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
پاکستان نے میچ کا آغاز عدیل نبی اور علی اکبر خان کی بین الاقوامی فٹبال میں پہلی شرکت کے ساتھ کیا، جبکہ مدافع عیسیٰ سلیمان دو سال بعد انجریز سے صحت یاب ہو کر قومی ٹیم میں واپس آئے۔
میچ کے آغاز میں کچھ مشکلات کے بعد پاکستان کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو کو 15ویں منٹ میں انجری کے باعث مڈفیلڈر رئیس نبی کی جگہ حیان خٹک کو میدان میں اتارنا پڑا۔
بنگلہ دیش نے اپنے اولمپک اسکواڈ کو سینئر بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنے کی غرض سے ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں شامل کیا اور جوابی حملوں کی حکمت عملی اپنائی۔
26ویں منٹ میں پاکستان کے گول کیپر یوسف بٹ نے شاندار سیو کر کے بنگلہ دیش کو برتری حاصل کرنے سے روک دیا۔ وقفے تک اسکور 0-0 رہا جبکہ پاکستان دوسری ہاف میں تبدیلیوں پر غور کر رہا تھا۔
دوسرے ہاف میں علی حیدر شاہ، محب اللہ آفریدی اور عالمگیر غازی کو علی اکبر خان، علی آغا اور عیسیٰ سلیمان کی جگہ میدان میں اتارا گیا، جس سے پاکستانی ٹیم کے کھیل میں مزید جان آگئی۔
57ویں منٹ میں عالمگیر غازی کی دور سے لگائی گئی طاقتور شاٹ بنگلہ دیشی پوسٹ سے ٹکرا گئی، جس نے پاکستان کے جارحانہ عزائم کو واضح کیا۔
62ویں منٹ میں بنگلہ دیش کے کپتان ایس ایم منجور الرحمٰن کو ایک سیٹ پیس کے دوران یوسف بٹ کو کہنی مارنے پر ریڈ کارڈ دکھایا گیا، جس کے بعد بنگلہ دیش 10 کھلاڑیوں تک محدود ہوگیا۔ اس واقعے پر ردعمل ظاہر کرنے پر پاکستان کے مدافع سید عبداللہ شاہ کو بھی وارننگ دی گئی۔
66ویں منٹ میں علی حیدر شاہ پاکستان کو برتری دلانے کے سب سے قریب پہنچے جب علی خان نیازی کے کراس پر ان کے والی شاٹ کو بنگلہ دیش کے گول کیپر محمد مہدی حسن سربون نے عمدہ انداز میں روک لیا۔ پاکستان نے اس کے بعد مزید مواقع پیدا کیے، تاہم بنگلہ دیشی ٹیم نے بھرپور مزاحمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریف کو گول کرنے سے روکے رکھا۔
متبادل کھلاڑی ہارون حمید بھی 95ویں منٹ میں گول کرنے میں ناکام رہے جب سربون نے ایک اور بہترین سیو کر کے بنگلہ دیش کو نقصان سے بچا لیا۔ یوں جنوبی ایشیا کے ان دونوں حریفوں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔
پاکستان اب 4 جون کو ٹورنامنٹ کے میزبان مالدیپ کے خلاف پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے میدان میں اترے گا، جبکہ گروپ مرحلے کا آخری میچ 7 جون کو افغانستان کے خلاف کھیلے گا۔ ٹورنامنٹ کی سرفہرست دو ٹیمیں 10 جون کو فائنل میں مدمقابل ہوں گے



