پاکستان جونیئر نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ ; سندھ کے کھلاڑیوں کا تاریخی کارنامہ،
مسلسل دوسری بار پاکستان جونیئر بوائز ٹیبل ٹینس ڈبلز ٹائٹل اپنے نام

سندھ کے کھلاڑیوں کا تاریخی کارنامہ،
مسلسل دوسری بار پاکستان جونیئر بوائز ٹیبل ٹینس ڈبلز ٹائٹل اپنے نام
پشاور: پشاور میں منعقدہ پاکستان جونیئر نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ 2026 میں سندھ کے باصلاحیت کھلاڑی ارحم بن فرخ اور محمد عباس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل دوسری مرتبہ پاکستان جونیئر بوائز ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فائنل میں سندھ کی جوڑی نے آرمی کے کھلاڑیوں کو 1-3 سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس سے قبل سیمی فائنل میں بھی ارحم بن فرخ اور محمد عباس نے آرمی کے کھلاڑیوں کو 1-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی تاریخی ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے 2025 میں بھی پاکستان جونیئر بوائز ڈبلز کا ٹائٹل جیتا تھا اور اب 2026 میں کامیابی کا اعادہ کرتے ہوئے مسلسل دوسری بار قومی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
کھیلوں کے حلقوں نے سندھ کے دونوں نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے صوبے کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ارحم بن فرخ اور محمد عباس کی یہ کامیابی مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابیوں کی نوید ہے۔



