
پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ اسکول کرکٹ: العصر کیمپ سمن آباد کی سات وکٹوں سے شاندار فتح
لاہور: پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ (لاہور ریجن) 2026 کے میچ نمبر 81 میں العصر کیمپ سمن آباد نے برائٹ اسٹار اسکول کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
یہ میچ لاہور کے ٹاؤن شپ میں واقع الہلال گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔ برائٹ اسٹار اسکول نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پوری ٹیم 35.3 اوورز میں 122 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ فائق علی اور فرحان علی 20، 20 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے۔
العصر کیمپ کی جانب سے زہیب کلیم نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 23 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بسم اللہ یوسف نے بھی دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں العصر کیمپ نے جارحانہ انداز اپنایا اور مطلوبہ ہدف 17.3 اوورز میں ہی 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ چاند علی صابر نے شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 58 گیندوں پر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 67 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
محمد یوسف نے بھی 34 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو پُرسکون انداز میں فتح سے ہمکنار کیا، جبکہ برائٹ اسٹار اسکول کی طرف سے فرحان علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ العصر کیمپ نے شاندار بولنگ اور پراعتماد بیٹنگ کے امتزاج کی بدولت یہ میچ 7 وکٹوں سے اپنے نام کیا۔



