ایشیا کپ کیلئے قومی انڈر19کرکٹ ٹیم کا اعلان،روحیل نذیر کپتان برقرار

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے ایشیا کپ کے لیے قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیاہے۔ اے سی سی انڈر19ایشیا کپ کے لیے15رکنی قومی انڈر نائنٹین کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا گیاہے۔ آئندہ ماہ شیڈول اے سی سی انڈر19ایشیا کپ کے لیے ٹیم میں 2تبدیلیاں کی گئی ہیں۔شیراز خان اور صائم ایوب کی جگہ ابو ہریرہ اور عبدالواحد کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کو قومی انڈر19کرکٹ ٹیم کے کپتان برقرار رکھا گیاہے جبکہ حیدر علی نائب کپتان مقرر کیے گئے۔ٹیم میں عامر علی، ابو ہریرہ، عبدالواحد، اختر شاہ، محمد عامر ، محمد عباس اور فہد منیر شامل ہیں۔محمد باسط علی، محمد عرفان خان، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور قاسم اکرم بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

جہانزیب سلطان، سید رضا الحسن، صائم ایوب، شیراز خان اور زمان خان ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔5سے 14ستمبر تک سری لنکا میں جاری رہنے والے ایونٹ میں8ٹیمیں شرکت کریں گی۔چیئرمین جونئیر سلیکشن کمیٹی سلیم جعفر کا کہناہے کہ سری لنکا کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید ایک اسپنر شامل کیا ہے،سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں فتوحات سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔سلیم جعفر نے کہا کہ کھلاڑیوں کے فٹنس لیول اور مورال میں بہتری کے باعث ایونٹ میں کامیابی کی امید ہے۔

error: Content is protected !!