قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کا تیسرا روز مکمل

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نےکپتان نعمان علی کے 11 شکار کی بدولت سنٹرل پنجاب کو 9 وکٹوں سے ہرادیا ۔ ناردرن نے دوسری اننگز میں 33 رنز کا ہدف محض پانچ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔عمیر مسعود 21 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ 195 رنز کےخسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز سے میچ کے تیسرے روز کھیل کا دوبارہ آغاز کیا تو اس کی پوری ٹیم 64.3 اوورز میں 227 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان اظہر علی نے 63 اور کامران اکمل نے 49 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں کو نعمان علی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے نعمان علی نےدوسری اننگز میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے 159 رنز کے جواب میں ناردرن نے اپنی پہلی اننگزمیں 354 رنز بنائے تھے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے آخری روز سدرن پنجاب کو جیت کے لیے مزید84 رنز جبکہ بلوچستان کو7 وکٹیں درکار ہیں۔ میچ کے تیسرےروز کھیل کے اختتام پر سدرن پنجاب نے154 رنز کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹ کے نقصان پر70 رنز بنالیے ہیں۔ سیف بدر 23 اور عمر صدیق 4 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل 41 رنز کے سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی پوری ٹیم112 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بلاول بھٹی کی جگہ کن کشن متبادل کی حیثیت سے ٹیم میں شامل ہونے والے محمد عباس نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے24 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ بلاول بھٹی گیند لگنے کے باعث کن کشن قانون کے تحت میچ سے آؤٹ ہوگئے تھے۔ اسپنرزاہد محمود نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بلوچستان کےاوپنر عمران بٹ دوسری اننگز میں32 رنز بناکر نمایاں رہے۔میچ کی پہلی اننگز میں سدرن پنجاب کی ٹیم بلوچستان کے 372 رنز کے جواب میں 331 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔ تیسرے روز سدرن پنجاب نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تھا۔میچ کے تیسرے روز مجموعی طور پر 18 وکٹیں گریں۔ بلوچستان کے کپتان یاسر شاہ نے میچ کی پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔

یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ میں سندھ کواپنی دوسری اننگز میں خیبرپختونخوا پر 128رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے جبکہ اس کی ابھی 7 وکٹیں باقی ہیں۔ 54 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سندھ کی ٹیم نے میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر3وکٹوں کے نقصان پر74 رنز بنالیے ہیں۔ اسد شفیق 9 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل سندھ کے 361 رنز کے جواب میں کے پی کی پوری ٹیم 307 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ہے۔ اسرار اللہ نے 67 ، ریحان آفریدی 53 اور عثمان شنواری نے 49 رنز بنائے۔ عاشق علی نے 5 جبکہ سہیل خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

error: Content is protected !!