عالمی کپ فٹبال،فرانس میں جشن،،کروشین مداح غم میں ڈوب گئے


پیرس / زغرب (سپورٹس لنک رپورٹ) ماسکو میں اتوار کی شب فٹبال کے نئے حکمران کا فیصلہ ہوتے ہیں فرانس کے دارالحکومت پیرس سمیت دیگر شہروں میں جشن منایا گیا۔ پیرس کے مشہور عالم ایفل ٹاور پر ہزاروں شائقین بڑی اسکرین پر فائنل دیکھنے کیلئے جمع تھے۔ میچ کا فیصلہ ان کی ٹیم کے حق میں ہوتے ہیں فٹبال جنونی خوشی سے بے قابو ہوگئے، جس کے ہاتھ جو لگا اس نے وہ شے بجانا شروع کردی، نوجوان، بچے بوڑھے، خواتین بلاتخصیص فرط مسرت سے ناچنے لگا۔ لوگ سڑکوں پر نکل آئے، منچلے گاڑیوں میں مسلسل ہارن بجاتے رہے۔ پیرس ،طولوس، نائس سمیت تمام شہروں اور قصبوں میں ٹریفک جام ہوگیا۔ بارز، نائٹ کلبز، عوامی مقامات پر ہجوم اکٹھا ہوگیا۔ ہر شخص اس شاندار فتح پر کی خوشی اپنے انداز سے منارہا تھا۔دوسری جانب کروشیا کی شکست نے دارالحکومت زغرب میں لاکھوں دل توڑ دیے۔ شہر کے مرکزی چوراہے پر میچ کے آغاز سے بہت پہلے سے لاتعداد فٹبال فینز جمع تھے، انہیں امید تھی کی 42 لاکھ نفوس پر مشتمل ملک کے قابل فخر فٹبالرز انہیں مایوس نہیں کریں گے۔ لوگوں کو یقین تھا کہ وہ فتحیاب ہوں گے۔ لیکن میچ میں 18 منٹ فرانس نے برتری حاصل کی تو لوگوں کے چہروں پر مایوسی نظر آئی البتہ 10 منٹ بعد ہی پریسیچ نے اسکور برابر کیا تو لوگوں میں پھر جوش بھرگیا۔ انہوں نے ہاتھوں میں اٹھائی نقلی ورلڈکپ ٹرافیز بلند کرنا شروع کیں لیکن اس کے بعدحالات یکسر تبدیل ہوئے۔ فرانس نے یکے بعد دیگرے تین مزید گول کرکے میچ کروشیا کی دسترس سے باہر کردیا۔ فائنل کے اختتام پر فینز پارک میں خاموشی چھاگئی۔ کئی جذباتی فینز ایک دوسرے کے گلے لگ کر روتے رہے۔ کچھ نے ایک دوسرے کو تسلیاں دیں۔ جشن کا پروگرام دکھ میں تبدیل ہوگیا۔

error: Content is protected !!