پاکستان ویمن ٹیم نے بنگلہ دیش کو پہلے ون ڈے میچ میں شکست دیدی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش کو 29 رنز سے شکست دے دی،قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے اوپنر ناہیدہ خان کی نصف سنچری کی بدولت 215 رنز بنائے،جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 48ویں اوور میں 186 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔اس سے قبل قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ناہیدہ خان اور سدرہ امین پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے میزبان ٹیم کو 59 رنز کا آغاز فراہم کیا۔جویریہ خان کے جلد آئوٹ ہونے کے بعد ناہیدہ خان اور کپتان بسمعہ معروف کے درمیان 69 رنز کی شراکت نے میچ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی۔

ناہیدہ خان 68 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے۔بسمعہ معروف 39 اور عالیہ ریاض 37 رنز بناکر نمایاں بیٹرز رہیں۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم 48.5 اوورز میں 215 رنز بنا کرآئوٹ ہوگئی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے جہاں آرا ء عالم نے 3 جبکہ پنا گوش اورناہیدہ اختر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔216 رنز کے تعاقب میں مہمان ٹیم کی ابتدائی 2 وکٹیں محض 9 رنز پر گرگئیں جس کے بعد بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم سنبھل نہ سکی اور پوری ٹیم 47.4 اوورز میں 186 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر نگار سلطانہ نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم وہ بھی 58 رنز پر ہمت ہار گئیں۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے ثنا میر نے 49 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نشرہ سندھو، سعدیہ اقبال اور ڈیانا بیگ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی اوپنر ناہیدہ خان کو میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔سعدیہ اقبال نے پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کیا۔

error: Content is protected !!