
اٹلی نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
اٹلی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے لیے اپنی جگہ پکی کرکے تاریخ میں نیا باب رقم کر دیا، جب کہ نیدرلینڈز نے بھی میگا ایونٹ میں رسائی حاصل کرلی۔
اٹلی نے یہ کارنامہ یورپ کوالیفائر 2025 ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے گرنزی اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف فیصلہ کن فتوحات کے ذریعے انجام دیا۔ اس کامیابی کے بعد اٹلی پہلی مرتبہ آئی سی سی کے سب سے بڑے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا۔
یورپ ریجن فائنل کے آخری مرحلے میں نیدرلینڈز کے ہاتھوں شکست کے باوجود اٹلی نے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے آئندہ برس بھارت اور سری لنکا میں شیڈول میگا ایونٹ میں اپنی جگہ یقینی بنالی۔
اس اہم مقابلے سے قبل اٹلی تین میچوں میں پانچ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست تھا اور انہیں ہر صورت یہ یقینی بنانا تھا کہ شکست بڑے مارجن سے نہ ہو۔ بصورت دیگر اسکاٹ لینڈ کو حیران کن طور پر شکست دینے والی جرسی کی ٹیم بہتر نیٹ رن ریٹ کے باعث انہیں پیچھے چھوڑ سکتی تھی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ میزبان بھارت کے علاوہ سری لنکا، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلادیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، امریکا اور نیوزی لینڈ گزشتہ ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کے باعث پہلے ہی ایونٹ میں اپنی جگہ بنا چکی ہیں۔
ادھر پاکستان، نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ نے اپنی بہتر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ کے سبب براہِ راست میگا ایونٹ کا ٹکٹ حاصل کرلیا ہے۔
اب باقی 6 ٹیموں کا فیصلہ ریجنل کوالیفائرز سے ہوگا، جس میں افریقہ سے 2، امریکا سے ایک اور ایشیا و ایسٹ ایشیا پیسفک ریجن سے 3 ٹیمیں ٹورنامنٹ کا حصہ بنیں گی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کرکٹ کے میدان میں اٹلی جیسا غیر روایتی ملک بھی عالمی اسٹیج پر قدم رکھنے جا رہا ہے، جو کھیل کی عالمی مقبولیت میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔



