
ایشین انڈر 16 چیمپئن شپ میں پاکستان نے مسلسل تیسری فتح حاصل کرلی
تھائی لینڈ کے شہر ناکون پاتھوم میں جاری ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے شاندار فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔
پاکستان نے گروپ مرحلے کے آخری میچ میں چائنیز تائپے کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ میچ 1 گھنٹہ 17 منٹ تک جاری رہا اور اس کا اسکور 26-24، 25-24، 25-16 رہا۔
اس فتح میں فیضان اللہ، طلحہ مہر اور محمد جنید نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ پاکستان نے گروپ ڈی کے تینوں میچز بغیر کوئی سیٹ ہارے جیت کر کراس اوور راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا، جہاں اب پاکستان کا مقابلہ پول بی کی ٹاپ دو ٹیموں سے ہوگا۔
پاکستان کے ساتھ کوریا نے بھی اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
یہ مسلسل فتوحات نہ صرف پاکستان کی نوجوان ٹیم کی صلاحیتوں کا ثبوت ہیں بلکہ ایشیا کے والی بال منظرنامے پر پاکستان کی مضبوط واپسی کا اشارہ بھی دیتی ہیں۔



