
ناروے کپ میں عدم شرکت پر لیاری فٹبال اکیڈمی سے سرکاری گرانٹ ایک کروڑ 84 لاکھ روپے واپس لینے کا فیصلہ
لیاری فٹبال اکیڈمی فنڈز کا استعمال کسی اور ایونٹ کے لئے استعمال نہیں کرسکتی، سردار محمد بخش خان مہر وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ
سجاس کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، کھیلوں کو اجاگر کرنے میں سجاس کا کردار مثالی ہے، سردار محمد بخش خان مہر
نیشنل گیمز کی تمام تیاریاں مکمل ہیں، شیڈول کے مطابق گیمز کا انعقاد 6 دسمبر سے 13 دسمبر کے درمیان کراچی میں ہوگا، وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ
کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) سندھ کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سردار محمد بخش خان مہر نے لیاری فٹبال اکیڈمی کی ناروے کپ میں عدم شرکت پر دی جانے والی فنڈز واپس لینے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے اس بات کا انکشاف پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل اصغر عظیم کی سربراہی میں اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف سندھ (سجاس) کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا،
وفد میں سیکریٹری سجاس شاید عثمان ساٹی، سینئر نائب صدر زبیر نذیر خان، نائب صدر مجاہد علی سولنگی، جوائنٹ سیکرٹری طارق اسلم، سیکریٹری انفارمیشن کلثوم جہاں، ارکان مجلس عاملہ آصف خان جنید راجپوت اور سینئر جرنلسٹ سید نصر اقبال شامل تھے۔
ملاقات کے دوران وزیر کھیل کی معاونت سیکریٹری کھیل و امور نوجوانان منور علی مہیسر نے کی، سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہلیاری فٹبال اکیڈمی ناروے کپ کے لیے ملنے والے فنڈز کو کسی اور ایونٹ کے لیے استعمال نہیں کرسکتی،
آئندہ کسی بھی ایسوسی ایشن یا ذاتی حیثیت میں کسی کھلاڑی کو گرانٹ دینے یا اس کی پزیرائی کا فیصلہ ایک کمیٹی کے ذریعے کیا جائیگا، سجاس سے پرانا تعلق ہے،
کھیلوں کو اجاگر کرنے اور مسائل کی نشاہدہی کے لئے سجاس کا کردار اہم ہے، اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے تحت تعاون کا سلسلہ جاری ہے گا۔
محکمہ کھیل کے تحت معرکہ حق جشن آزادی منانے کا سلسلہ جاری ہے اس حوالے سے صوبے بھر میں کھیلوں کے مقابلوں کا سلسلہ بھی جاری ہیں،
اسی سلسلے میں میئر الیون اور اسپورٹس منسٹر الیون کے درمیان 8 اگست جبکہ بھٹائی الیون اور قلندر الیون کے درمیان نمائشی کرکٹ میچ 9 اگست کو کھیلا جائے گا،
وزیر کھیل نے کہا کہ سجاس کے دوستوں کے ساتھ بھی ایک کرکٹ میچ پلان کا حصہ ہے۔ نیشنل گیمز کے انعقاد کی تیاریاں مکمل ہیں، گیمز کی افتتاحی اور اختتامی تقریب کا انعقاد نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا،
نیشنل گیمز کے لئے کھلاڑیوں کے رہائش اور وینیوز فائنل ہوگئے ہیں، سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ سندھ کے ایتھلیٹس کو بہتر مستقبل دینے کے لئے نئی اسپورٹس پالیسی کے مسودے پر کام جاری ہے۔



