کرکٹ

کرکٹ کے ماہرین کو لیڈ کرنے دیا جائے تو حالات بہتر ہوسکتے ہیں، شاہد آفریدی

کرکٹ کے ماہرین کو لیڈ کرنے دیا جائے تو حالات بہتر ہوسکتے ہیں، شاہد آفریدی

اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کاکہناہے کہ پاکستان میں کرکٹ کو بہتر بنانے کے لیے گراس روٹ لیول پر کام کرنے اور پروفیشنل اکیڈمیز کے قیام کی اشد ضرورت ہے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفرید نے کہا کہ کرکٹ ان لوگوں کے ہاتھ میں ہونی چاہیے جن کا اصل میدان یہی ہے تاکہ ٹیلنٹ کو اعلیٰ سطح تک لے جایا جا سکے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ اگر ہر کھلاڑی کو محض قومی ٹیم کی ٹوپی پہنا دی جائے تو معیار بہتر نہیں ہوگا۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک نے گراس روٹ لیول پر سرمایہ کاری اور محنت کرکے اپنے کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط کیا ہے۔

آفریدی نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پر زور دیا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ پر خصوصی توجہ دیں تاکہ نئے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم ہوں۔

سابق کپتان نے کہا کہ موجودہ کھلاڑیوں کی غلطیاں اپنی جگہ ہیں لیکن اصل مسئلہ نظام کی کمزوری ہے، پاکستان کے پاس صلاحیت موجود ہے اور قومی ٹیم فائنل تک پہنچنے کی اہلیت رکھتی ہے، فائنل سے پہلے صورت حال پر دوبارہ بات کی جائے گی۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کی 60 سے 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے لیکن پلیٹ فارم نہ ہونے کے باعث ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے، آنے والی نسلوں کے لیے کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے ملکی ترقی میں نجی شعبے کے کردار کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتوں کا کام براہِ راست کاروبار کرنا نہیں بلکہ بزنسز کو مینج اور سہولت فراہم کرنا ہے، شمالی علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری لازمی ہے تاکہ وہاں کے لوگ بھی ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ خیبر ان کا گھر ہے اور وہ وہاں اسکول اور اسپتال قائم کرنے کا ارادہ رکھتے تھے، حالات بہتر ہوں گے تو وہ اپنے منصوبے پر ضرور عمل کریں گے, ملک میں آنے والی مشکلات کسی ایک صوبے یا شہر کی نہیں بلکہ ہم سب کے لیے ہیں، لہٰذا ہر پاکستانی کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!