
قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ۔ فیصل آباد نے فاٹا کو اننگز اور 213 رنز سے ہرادیا۔
طیب طاہر ، وقار احمد ، عمران بٹ اور عامر یامین کی سنچریاں
اسلام آباد 26 اکتوبر۔ قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے تیسرے دن فیصل آباد نے فاٹا کو اننگز اور 213 رنز سے شکست دے دی۔
مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آْباد میں فاٹا کی ٹیم فیصل آباد کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں صرف 58 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔صرف وسیم خان ( 18 ) ڈبل فگرز میں آسکے۔اسد رضا نے چار اور جہانداد خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
فاٹا نے پہلی اننگز میں 191 رنز بنائے تھے جبکہ فیصل آباد نے پہلی اننگز میں 462 رنز سکور کیے تھے۔
ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ملتان کی ٹیم بہاولپور کے خلاف پہلی اننگز میں 462 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔عمران بٹ نے 113 اور نویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے عامر یامین نے 100 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
وقارحسین نے 57رنز بنائے۔ محمد عزب نے130 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ بہاولپور اپنی دوسری اننگز کل شروع کرے گی۔
ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں لاہور وائٹس کراچی بلوز کے 424 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 456 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ طیب طاہر نے 108 رنز سکور کیے۔علی زریاب آصف 91 عمرصدیق 86 اور حسین طلعت 57 رنز کے ساتھ دوسرے قابل ذکر بیٹر رہے۔ محمد اصغر نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی بلوز نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 103 رنز بنائے تھے۔سعد بیگ 59 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔
عمران خان سٹیڈیم پشاورمیں ایبٹ آباد کی ٹیم پشاور کے خلاف پہلی اننگز میں 181 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ زین اسحق 60 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔نیاز خان اور افتخار احمد نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔ پشاور نے دوسری اننگز 194 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔
وقار احمد نے100 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔نبی گل نے 52 رنز ناٹ آؤٹ سکور کیے۔ ایبٹ آباد کو جیتنے کے لیے 462 رنز کا ہدف ملا ہے۔ کھیل ختم ہونے پر اس نے بغیر کسی نقصان کے 10 رنز بنائے تھے۔
شعیب اختر کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں سیالکوٹ نے اسلام آْباد کے خلاف دوسری اننگز 7 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بناکر ڈکلیئر کردی۔ ایاز تصور نے 84 رنز سکور کیے۔ کلیم دل نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
اسلام آباد کو جیتنے کے لیے 468 رنز کا ہدف ملا ہے۔کھیل ختم ہونے پر اس نے 3 وکٹوں پر 107 رنز بنائے تھے۔رضوان علی 45 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔



