دیگر سپورٹس

نوجوانوں کو منشیات اور برائیوں سے بچانے کا واحد راستہ کھیلوں کا فروغ ہے، ملک غلام مرتضیٰ

نوجوانوں کو منشیات اور برائیوں سے بچانے کا واحد راستہ کھیلوں کا فروغ ہے، ملک غلام مرتضیٰ

تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں لازمی قرار دیکر ہی

ایک صحت مند اور مثبت معاشرہ تشکیل دیا جا سکے، میدیا سے گفتگو

ایبٹ آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) ایبٹ آباد سپورٹس ویلفیئر کونسل کے چیئرمین ملک غلام مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی معاشرتی برائیوں،

خصوصاً منشیات کے رجحان کو روکنے کے لیے کھیلوں کے فروغ سے زیادہ مؤثر حل کوئی نہیں۔ نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کر کے ہی ایک باشعور، توانا اور پرامن معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق ڈائریکٹر جنرل محکمہ کھیل خیبرپختونخوا طارق محمود بھی موجود تھے۔

ملک غلام مرتضیٰ نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، لیکن انہیں صحیح سمت میں رہنمائی اور سرپرستی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جائیں،

تو یہی نسل مستقبل میں پاکستان کا فخر بن سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے ہر سرکاری و نجی تعلیمی ادارے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو لازمی قرار دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،

کیونکہ کھیل صرف تفریح نہیں بلکہ ایک تربیت بھی ہے جو نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت اور حوصلہ سکھاتی ہے۔ ملک غلام مرتضیٰ نے بتایا کہ ایبٹ آباد میں نوجوانوں کی رہنمائی اور ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے دوستوں کے تعاون سے ایبٹ آباد سپورٹس ویلفیئر کونسل کی بنیاد رکھی گئی،

جو نہ صرف کھلاڑیوں کی سرپرستی کرتی ہے بلکہ ان کی تعلیمی ترقی کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ جس طرح اپنی اولاد کے بہتر مستقبل کے لیے سوچتے ہیں،

اسی طرح معاشرے کے دیگر بچوں کے لیے بھی فکر مند ہوں۔ ان کے مطابق، جب تک ہم اجتماعی طور پر اپنی نئی نسل کے بہتر مستقبل کے لیے کام نہیں کریں گے، ہم حقیقی خوشی اور اطمینان حاصل نہیں کر سکتے۔

ملک غلام مرتضیٰ نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کھیلوں کے فروغ سے نہ صرف منشیات کی لعنت اور دیگر برائیوں کا خاتمہ ممکن ہے بلکہ ایک پرامن، صحت مند اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد بھی رکھی جا سکتی ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!