
پاکستان سپر لیگ 2026 کی ڈرافٹنگ کب ہو گی؟ ممکنہ تاریخ سامنے آ گئی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں، جس میں دو نئی ٹیموں کے شامل ہونے کے بعد پلیئرز ڈرافٹ پر بھی خاص توجہ دی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے ڈرافٹ کے حوالے سے ابتدائی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے اور امکان ہے کہ یہ تقریب 30 جنوری کو منعقد کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ڈرافٹ سے قبل تمام قانونی اور انتظامی معاملات کو حتمی شکل دینے کا کام تیز کر دیا گیا ہے تاکہ پلیئرز ڈرافٹ بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہو سکے، ڈرافٹ کے وینیو اور تاریخ کا باقاعدہ اعلان جلد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ممکنہ طور پر یہ تقریب پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران ایک دن کے وقفے میں رکھی جائے گی تاکہ کھلاڑیوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس ڈرافٹ میں پی ایس ایل کی تمام آٹھ فرنچائزز کے مالکان، کوچز اور نمائندے شریک ہوں گے، جو اپنی ٹیموں کے لیے نئے اور موجودہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں حصہ لیں گے۔
لاہور قلندرز، کراچی کنگز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے علاوہ اب اس ایڈیشن میں سیالکوٹ اور حیدرآباد کی نئی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی، جس سے لیگ کی مسابقت اور دلچسپی میں مزید اضافہ ہو گا۔
پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن کے لیے یہ ڈرافٹ نہ صرف ٹیموں کی فائنل شکل کے لیے اہم ہے بلکہ شائقین کے لیے بھی سنسنی خیز لمحہ ثابت ہوگا، جہاں نئے سٹارز اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے امتزاج سے لیگ کے مقابلوں میں جوش و خروش کی نئی لہر دیکھنے کو ملے گی۔



