کرکٹ

بابر اعظم کا اصل حریف کون ہے ؟

بابر اعظم کا اصل حریف کون ہے ؟

بابر اعظم نے اپنے کیریئر کے دوران سب سے مشکل باؤلرز کے بارے میں بات کرتے ہوئے سابق جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیا ہے۔

پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم سابق انگلش کرکٹر کیون پیٹرسن کے یوٹیوب چینل دی سوئچ پر ایک چیلنج ویڈیو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے شارٹ بال چیلنج میں حصہ لیا۔

انٹرویو کے دوران کیون پیٹرسن نے بابر اعظم سے پوچھا کہ انہیں اپنے کیریئر میں کن فاسٹ باؤلرز کے خلاف سب سے سخت مقابلے کا سامنا رہا۔

اس سوال کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ آج کل تقریباً ہر ٹیم کے پاس ایسے باؤلرز موجود ہیں جو 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار سے گیند کراتے ہیں۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے اپنے پہلے دورے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ڈیل اسٹین کا سامنا کرنا ان کے لیے ایک بڑا امتحان تھا۔

بابر اعظم کے مطابق ڈیل اسٹین کی گیندیں نہ صرف انتہائی تیز تھیں بلکہ کھیلنا بھی مشکل تھا، تاہم اس اننگز نے ان کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تیز ترین باؤلرز میں شامل ڈیل اسٹین کا سامنا کرنے کے بعد انہیں یقین ہو گیا تھا کہ وہ کسی بھی باؤلر کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے موجودہ فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا کی بھی تعریف کی اور انہیں ٹیسٹ اور ون ڈے سمیت تمام فارمیٹس کا ایک بہترین باؤلر قرار دیا۔

واضح رہے کہ بابر اعظم مختصر فارمیٹ میں دنیا کے کامیاب ترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔

وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں تاریخ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، جنہوں نے 136 میچز میں 4 ہزار 429 رنز اسکور کیے، ان کی اوسط 39.54 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 128.45 ہے۔

بابر اعظم بھارت کے ویرات کوہلی کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی مشترکہ طور پر رکھتے ہیں، دونوں کھلاڑی 38 ففٹیز اسکور کر چکے ہیں۔

حال ہی میں بابر اعظم نے بگ بیش لیگ کے 15ویں ایڈیشن میں سڈنی سکسیرز کی جانب سے ڈیبیو بھی کیا۔ انہوں نے 8 میچز میں 154 رنز بنائے، جن میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں، جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 104.05 رہا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!