PSL2026کرکٹ

پی ایس ایل 11 کا آغاز 26 مارچ کو، اوپن آکشن فارمولے پر غور

پی ایس ایل 11 کا آغاز 26 مارچ کو، اوپن آکشن فارمولے پر غور

پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے انعقاد سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں 26 مارچ کو ایونٹ کے آغاز پر اصولی اتفاق کر لیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس اجلاس میں لیگ کے مستقبل، کھلاڑیوں کے انتخاب اور ریٹینشن فارمولے سمیت متعدد اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے فرنچائز مالکان کے سامنے یہ تجویز رکھی کہ پی ایس ایل میں ڈرافٹ سسٹم کے بجائے اوپن آکشن فارمولے کو اپنایا جائے۔

چیئرمین کا مؤقف تھا کہ نیلامی کے اس نظام سے کھلاڑیوں کو مالی طور پر زیادہ فائدہ پہنچے گا اور لیگ میں شفافیت کے ساتھ ساتھ مقابلے کا معیار بھی مزید بہتر ہو سکے گا۔

گورننگ کونسل کے اجلاس میں دونوں نئی شامل ہونے والی ٹیموں کے مالکان بھی شریک ہوئے، جنہوں نے مختلف معاملات پر اپنی آرا پیش کیں۔ اجلاس میں ابتدائی طور پر 23 مارچ کو افتتاح کی تجویز زیر غور آئی تھی، تاہم بعد ازاں تمام اراکین نے 26 مارچ کی تاریخ پر اتفاق کر لیا۔

اجلاس میں اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد لیگ کے ڈھانچے میں کن تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اوپن آکشن فارمولے پر فرنچائزز کے درمیان مکمل اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ کچھ ٹیم مالکان اس نظام کے حق میں نظر آئے جب کہ دیگر نے روایتی ڈرافٹ سسٹم کو ہی بہتر قرار دیا۔

اسی طرح کھلاڑیوں کی ریٹینشن کے معاملے پر بھی اختلافات سامنے آئے ہیں۔ موجودہ نظام کے تحت ہر ٹیم کو 8 کھلاڑی برقرار رکھنے کی اجازت ہے، تاہم دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد اس نظام پر نظر ثانی ضروری سمجھی جا رہی ہے۔

پی سی بی کی خواہش ہے کہ ہر ٹیم کو 3 کھلاڑی ریٹین کرنے کی اجازت دی جائے جب کہ نئی فرنچائزز صفر ریٹینشن کے حق میں ہیں اور پرانی ٹیمیں 5 کھلاڑی برقرار رکھنے کی خواہاں ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان معاملات پر مزید مشاورت جاری رکھی جائے گی۔ گزشتہ اجلاس میں 6 فرنچائزز کے نمائندے آن لائن شریک ہوئے جبکہ 2 فرنچائزز کے نمائندے بالمشافہ اجلاس میں موجود تھے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!