
ڈبل وکٹ میچ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دیدی، پلیئرز نے ہاتھ بھی ملائے
سعودی عرب میں کھیلے گئے فیسٹول ڈبل وکٹ کرکٹ میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔
شعیب ملک اور عمران نذیر پر مشتمل پاکستان ٹیم نے عرفان پٹھان اور اسٹورٹ بنی کی نمائندگی کرنے والی بھارتی ٹیم کو پانچ رنز سے ہرایا۔
میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ چار اوورز میں 56 رنز اسکور کیے۔ ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم بھرپور کوشش کے باوجود 51 رنز ہی بنا سکی اور فتح حاصل نہ کر سکی۔
مقابلہ آخری اوور تک دلچسپ رہا، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے دباؤ میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔
میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا، جبکہ عرفان پٹھان اور شعیب ملک ایک دوسرے سے گلے بھی ملے۔
اس سے قبل پاکستان نے ایونٹ میں سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کو بھی شکست دی تھی۔ تینوں میچز جیت کر پاکستان نے ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔



