
پاکستان اسپورٹس بورڈ اسلام آباد کی ویب سائٹ پر غلط معلومات:
ٹیبل ٹینس ہال دو سال سے نجی جم کے حوالے
اسلام آباد: پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) اسلام آباد کی جانب سے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سیمنٹڈ ہال ٹیبل ٹینس کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے استعمال ہو رہا ہے، تاہم زمینی حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں۔
پی ایس بی کی ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ سیمنٹڈ ہال کا سائز 40 فٹ بائی 70 فٹ ہے اور اس میں سیمنٹڈ فلور موجود ہے جو ٹیبل ٹینس کی تربیت کے لیے موزوں بتایا گیا ہے۔ مگر دستیاب معلومات اور مشاہدے کے مطابق یہ سہولت گزشتہ دو سال سے زائد عرصے سے ٹیبل ٹینس کے لیے استعمال نہیں ہو رہی۔
ذرائع کے مطابق یہ ہال ایک نجی جم کو دے دیا گیا ہے، جہاں کمرشل بنیادوں پر فٹنس سرگرمیاں جاری ہیں اور اس کے عوض باقاعدہ فیس وصول کی جا رہی ہے۔ اس دوران ٹیبل ٹینس کے کھلاڑیوں کو اس سہولت تک رسائی حاصل نہیں، جبکہ تربیتی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ نجی استعمال کے باوجود پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اپنی ویب سائٹ پر اس سہولت کی حیثیت تبدیل نہیں کی، جس کے باعث کھلاڑیوں، کوچز اور عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ کاغذوں میں یہ ہال ایک فعال اسپورٹس سہولت دکھایا جا رہا ہے، جبکہ عملی طور پر یہ ایک تجارتی جم بن چکا ہے۔
اس صورتحال نے اسپورٹس حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عوامی فنڈز سے بنائی گئی اسپورٹس سہولیات کا مقصد کھلاڑیوں کی ترقی ہوتا ہے،
نہ کہ نجی کمائی۔ اسلام آباد میں ٹیبل ٹینس کے کھلاڑی پہلے ہی مناسب تربیتی سہولیات کی کمی کا شکار ہیں، ایسے میں موجود ہال کا نجی استعمال سوالیہ نشان ہے۔
اسپورٹس مبصرین مطالبہ کر رہے ہیں کہ یا تو اس سہولت کو فوری طور پر کھلاڑیوں کے لیے بحال کیا جائے یا پھر نجی استعمال سے متعلق مکمل اور شفاف تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں۔



