ساؤتھ ایشین گیمز 2027ء کی میزبانی پاکستان کو میزبانی مل گئی
ساؤتھ ایشین گیمز 23 مارچ سے 31 مارچ 2027 تک منعقد ہوں گے

ساؤتھ ایشین گیمز مارچ 2027ء میں ہوں گے، پاکستان کو میزبانی مل گئی
ساؤتھ ایشین گیمز کے انعقاد سے متعلق بڑا اور اہم فیصلہ سامنے آ گیا ہے، جس کے تحت ساؤتھ ایشین فیڈریشن گیمز (سیف گیمز) مارچ 2027 میں پاکستان میں ہی منعقد ہوں گی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کی منظوری ساؤتھ ایشین اولمپک کونسل کے اجلاس میں دی گئی، جو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی اعلیٰ سطح پر کی گئی، جس میں صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عارف سعید، وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران حکومتِ پاکستان کی جانب سے ساوتھ ایشین گیمز کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے مکمل یقین دہانی کرائی گئی۔ وفاقی سیکرٹری آئی پی سی محی الدین وانی نے باضابطہ طور پر حکومت پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ساؤتھ ایشین اولمپک کونسل کو آگاہ کیا کہ پاکستان گیمز کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور تمام انتظامی، سیکورٹی اور لاجسٹک معاملات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ گیمز میں شریک کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ ایونٹ کو کامیاب اور یادگار بنایا جا سکے۔
فیصلے کے مطابق ساؤتھ ایشین گیمز آئندہ سال 23 مارچ سے 31 مارچ تک منعقد ہوں گے، جس کے دوران خطے کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹس مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
یہ ایونٹ نہ صرف کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے بلکہ خطے میں کھیلوں کے ذریعے باہمی روابط اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ پاکستان کے لیے اس ایونٹ کی میزبانی ایک بڑے اعزاز کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے کا موقع بھی تصور کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں جنوری میں شیڈول ساوتھ ایشین گیمز کو اس سے قبل موخر کر دیا گیا تھا، جس کے بعد گیمز کے مستقبل پر سوالات اٹھ رہے تھے، تاہم تاشقند میں ہونے والے ساؤتھ ایشین اولمپک کونسل کے اجلاس کے بعد ان تمام خدشات کا خاتمہ ہو گیا ہے اور پاکستان کو دوبارہ میزبانی کا حق دے دیا گیا ہے۔
اجلاس میں شریک ارکان نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور حکومت پاکستان کی تیاریوں اور عزم کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان ایک بار پھر ایک بڑے بین الاقوامی کھیلوں کے ایونٹ کا کامیاب انعقاد کرے گا۔
ساوتھ ایشین گیمز کی میزبانی کے فیصلے کو کھیلوں کے حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے جب کہ اس سے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے اور اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔
حکام کے مطابق آنے والے دنوں میں گیمز کی تیاریوں، مقامات کے انتخاب اور دیگر انتظامی امور سے متعلق مزید تفصیلات بھی جاری کی جائیں گی، تاکہ سیف گیمز 2027 کو ایک کامیاب اور تاریخی ایونٹ بنایا جا سکے۔



