کرکٹ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ؛ پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے دی،

قومی ٹیم کا اگلا میچ 15 فروری کو بھارت سے ہوگا۔

پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے دی،

قومی ٹیم کا اگلا میچ 15 فروری کو بھارت سے ہوگا۔

کولمبو: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے 12 ویں میچ میں پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان اور امریکا کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا 12 واں میچ کولمبو میں کھیلا گیا جس میں امریکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے جس کے جواب میں امریکا کی ٹیم 8 وکٹوں پر 158 رنز ہی بناسکی۔

32 رنز کی جیت کے ساتھ پاکستان نے ورلڈکپ میں دوسری کامیابی حاصل کی جب کہ گروپ اے میں پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ قومی ٹیم کا اب اگلا میچ بھارت کے خلاف 15 فروری کو ہوگا۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر صاحبزادہ فرحان نصف سنچری کی بدولت 73 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ بابر اعظم نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔

علاوہ ازیں شاداب خان 30، صائم ایوب 19، محمد نواز 5، کپتان سلمان علی آغا اور فہیم اشرف 1،1 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

عثمان خان اور ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے ہی رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، شاہین شاہ آفریدی نے 9 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

امریکا کی جانب سے شیڈلے وین شالک وک نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد محسن ، حرمیت سنگھ اور سوربھ نیتلاویلکر نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

امریکا کی جانب سے شبھم رنجانے 51 رنز بنا کرنمایاں رہے جب کہ شایان جہانگیر 49، مِلند کمار 29، اینڈریس گاؤس 13، ہرمیت سنگھ 6 اور کپتان مونانک پٹیل 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد محسن اور سنجے کرشنامورتی کھاتا کھولے بغیر ہی واپس لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا، شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد نواز ، ابرار احمد اور شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں امریکہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

کولمبو میں امریکہ کے خلاف پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صرف ایک تبدیلی کی گئی تھی، سلمان مرزا کی جگہ عثمان طارق کو شامل کیا گیا۔

دوسری جانب امریکہ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، علی خان اور سائتیجا مکاملہ کی جگہ احسان عادل اور شایان جہانگیر نے ٹیم کی نمائندگی کی۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون اِن کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔ صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا (کپتان)، بابر اعظم، عثمان خان (وکٹ کیپر)، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، عثمان طارق اور ابرار احمد۔

امریکہ کی پلیئنگ الیون اِن کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔ اینڈریس گوس (وکٹ کیپر)، شایان جہانگیر، مونانک پٹیل (کپتان)، ملند کمار، شبھم رنجنے، سنجے کرشنامورتھی، ہرمیت سنگھ، محمد محسن، شیڈلی وین شالکویک، سوربھ نریش نیتراوالکر اور احسان عادل۔

واضح رہے کہ یہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی ہے، اس سے قنل پاکستان نے ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!