سیمی فائنل تک رسائی؛ پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈکپ ٹکٹ سے صرف ایک قدم دور
ورلڈکپ کوالیفائر میں پاکستان نے آسٹریا کو شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔

ورلڈکپ کوالیفائر میں پاکستان نے آسٹریا کو شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔
اسماعیلیہ : قومی ہاکی ٹیم نے یکم تا 7 مارچ مصر کے شہر اسماعیلیہ میں کھیلے جانے والے ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کے تیسرے میچ میں آسٹریا کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کر لی۔
پاکستان نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور آسٹریا کے دفاع پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ قومی ٹیم کی جانب سے ابو بکر محمود نے دو گول اسکور کیے
جبکہ افراز محمد اور سفیان خان نے ایک ایک گول کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ آسٹریا کی طرف سے کیلنر اور اسکوولز ایک ایک گول کرنے میں کامیاب رہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کو میچ میں 13 پینلٹی کارنرز حاصل ہوئے جبکہ آسٹریا کو 4 پینلٹی کارنرز ملے۔ آسٹریا کی ٹیم کو میچ کے دوران ایک پینلٹی اسٹروک بھی ملا۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے گروپ بی میں اپنے تینوں میچ جیت کر ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی اور کوالیفائر راؤنڈ میں ناقابل شکست کارکردگی کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی، ایڈہاک گورننس اینڈ منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین اولمپین اصلاح الدین صدیقی، اولمپین حسن سردار اور چیف سلیکٹر سمیع اللہ خان نے قومی ٹیم کو شاندار فتح اور کوالیفائر راؤنڈ میں ناقابل شکست کارکردگی پر مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان ٹیم اسی جذبے کے ساتھ آئندہ میچز میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے آخری بار 2018 میں ہاکی ورلڈکپ میں شرکت کی تھی اور اب 8 سال بعد ٹیم کو ورلڈ کپ میں واپسی کا سنہری موقع حاصل ہوا ہے۔



