
سندھ حکومت کا سندھ گیمز 16 تا 19 اپریل کو سکھر میں کرانے کا فیصلہ،
وزیر کھیل سندھ نے منظوری دیدی۔
کراچی ; سندھ حکومت نے 19ویں سندھ گیمز 16 تا 19 اپریل سکھر میں منعقد کرانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے.
وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر کی زیر صدارت اہم اجلاس میں 19 ویں سندھ گیمز 16 سے 19 اپریل تک سکھر میں منعقد کرانے کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر، ڈائریکٹر اسد اسحاق، چیف انجنیئر اسلم مہر، سیکشن افسر علی ڈنو گوپانگ اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیداران احمد علی راجپوت اور اصغر بلوچ نے شرکت کی۔
اجلاس میں سکھر میں سندھ گیمز کے انعقاد اور تھر جیپ ریلی کے انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے بتایا کہ 19ویں سندھ گیمز میں 40 سے زائد کھیل شامل ہوں گے، جن میں صوبے بھر سے گرلز اور بوائز کھلاڑی حصہ لیں گے۔
وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ عید کے فوراً بعد ڈویژنل سطح پر سندھ گیمز کے ٹرائلز 24 تا 29 مارچ تک منعقد کیے جائیں گے، جبکہ ٹرائلز مکمل ہونے کے بعد منتخب کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 11 سے 15 اپریل تک لگایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ گیمز کی افتتاحی تقریب 16 اپریل کو جبکہ اختتامی تقریب 19 اپریل کو منعقد ہوگی۔
وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے ہدایت کی کہ تمام مقابلے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر منعقد کیے جائیں تاکہ صوبے کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سندھ نیشنل گیمز کی طرح 19ویں سندھ گیمز کو بھی کامیاب بنائے گی۔



