
سلمان علی آغا کا متنازع رن آؤٹ، ایم سی سی نے قوانین کے مطابق قرار دے دیا
ویب ڈیسک: میلبرن کرکٹ کلب ( ایم سی سی) نے سلمان علی آغا کے متنازع رن آؤٹ پر وضاحت جاری کرتے ہوئے اسے قوانین کے مطابق درست قرار دے دیا ہے۔
ایم سی سی کے مطابق سلمان علی آغا واضح طور پر رن آؤٹ تھے کیونکہ وہ کریز سے باہر تھے اور اس وقت گیند کھیل میں تھی۔ بیان میں کہا گیا کہ کسی بھی بیٹر کو فیلڈنگ سائیڈ کی اجازت کے بغیر گیند اٹھانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
ایم سی سی نے مزید وضاحت کی کہ کھلاڑیوں کے درمیان ٹکراؤ ہونے سے گیند خود بخود ڈیڈ نہیں ہو جاتی، اس لیے کھیل جاری سمجھا جاتا ہے۔
تاہم بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اسپرٹ آف کرکٹ کے تحت مہدی حسن میراز کی ٹیم اپیل واپس لے سکتی تھی، لیکن قوانین کے مطابق آن فیلڈ امپائرز کے پاس سلمان آغا کو آؤٹ دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔
واقعہ کیا تھا؟ ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ کے دوران بنگلا دیش کے کپتان مہدی حسن میراز نے نان اسٹرائیکر اینڈ پر سلمان علی آغا کو رن آؤٹ کیا، جس پر پاکستانی کھلاڑی نے شدید ردعمل دیا۔
39 ویں اوور میں سلمان علی آغا 62 گیندوں پر 64 رنز بنا کر کھیل رہے تھے کہ محمد رضوان نے گیند سیدھی بولر کی جانب کھیلی۔ اس دوران آغا کریز سے باہر نکلے اور گیند بولر کو دینے کی کوشش کی، تاہم مہدی حسن نے فوری گیند اٹھا کر وکٹوں پر مار دی۔
پویلین واپسی پر سلمان علی آغا نے غصے کا اظہار کیا، جبکہ لٹن داس بھی اس موقع پر ناراض دکھائی دیے۔ بعد ازاں محمد رضوان، امپائرز اور دیگر کھلاڑیوں نے صورتحال کو سنبھالا۔
واضح رہے کہ اس واقعے پر آئی سی سی نے سلمان علی آغا کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دینے کے ساتھ میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔



