PSL2026

فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کے باعث پاکستان سپر لیگ سے باہر ہوگئے

فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کے باعث پاکستان سپر لیگ سے باہر ہوگئے

پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں راولپنڈی کی نمائندگی کرنے والے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کے باعث غیر معینہ مدت کے لیے ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں، جس سے ٹیم کو اہم مرحلے پر بڑا دھچکا پہنچا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی فرنچائز راولپنڈی پنڈیز نے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے غیر معینہ مدت کے لیے باہر ہونے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔

ٹیم انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ نسیم شاہ کو کراچی کے خلاف میچ کے دوران سائیڈ انجری لاحق ہوئی، جس کے بعد طبی معائنے میں انہیں فوری آرام کا مشورہ دیا گیا اور وہ نامعلوم مدت تک میدان سے دور رہیں گے۔

انتظامیہ کے مطابق ٹیم کا طبی عملہ فاسٹ بولر کی بحالی کے عمل پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے،

جبکہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ مکمل بحالی اور فٹنس کلیئرنس کے بعد وہ ٹورنامنٹ کے آخری مرحلے میں دوبارہ ایکشن میں نظر آ سکتے ہیں۔ تاہم ان کی واپسی کا حتمی انحصار طبی رپورٹس اور فٹنس ٹیسٹ پر ہوگا۔

راولپنڈی کی ٹیم نے اپنے پیسر کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نسیم شاہ کی مکمل معاونت جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ وہ جلد از جلد صحتیاب ہو کر میدان میں واپس آ سکیں۔

تاحال ٹیم کی جانب سے ان کے متبادل کھلاڑی کا اعلان سامنے نہیں آیا، جس سے اسکواڈ میں رد و بدل کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب رواں سیزن کے دوران نسیم شاہ ایک تنازع کا بھی حصہ بنے تھے، جب ایک متنازع سماجی رابطہ پیغام پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اور 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، تاہم اب تمام تر توجہ ان کی صحت یابی اور ممکنہ واپسی پر مرکوز ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!