
سلمان علی آغا کا ورلڈ کپ 2027 میں شرکت کا مشروط فیصلہ
کراچی: پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے اپنی حالیہ کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پی ایس ایل میں اپنی کارکردگی سے بالکل مطمئن نہیں ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے واضح کیا کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو وہ عالمی کپ 2027 کے حوالے سے اہم فیصلہ کریں گے۔
کراچی کنگز کے میچ میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے تینوں شعبوں میں ناکام رہی۔ پاور پلے میں بھی ٹیم نے حسبِ توقع کھیل پیش نہیں کیا، جس کی وجہ سے انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹس کے لیے خود کو مکمل طور پر تیار رکھنا ضروری ہے۔ اگر وہ محسوس کریں گے تو آرام کرنے یا مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے۔
سلمان نے پی ایس ایل اور ڈومیسٹک کرکٹ کے فرق پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سے کھلاڑیوں کی شناخت ضرور ہوتی ہے، مگر بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے ڈومیسٹک سطح پر معیاری کرکٹ کھیلنا اور خود کو ثابت کرنا نہایت ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیگ کرکٹ کی بنیاد پر ٹیم میں آنے والے کھلاڑیوں کو اکثر بیرونِ ملک کنڈیشنز میں مشکل پیش آتی ہے۔ اس لیے ڈومیسٹک کرکٹ کا تجربہ رکھنے والے کھلاڑیوں کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کی بہتر انداز میں نمائندگی کر سکیں۔
اپنی ٹیم کی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں ہر صورت کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ ان کی پوری توجہ اگلے میچز میں بہترین کارکردگی دکھا کر ٹورنامنٹ کے فائنل فور میں جگہ بنانے پر مرکوز ہے تاکہ ٹیم کو مقابلے میں برقرار رکھا جا سکے۔



