وہیل چیئر ٹینس کے فروغ کیلئے ایبٹ آباد میں پی ٹی ایف کوچنگ کیمپ کا آغاز

وہیل چیئر ٹینس کے فروغ کیلئے ایبٹ آباد میں آئی ٹی ایف۔پی ٹی ایف کوچنگ کیمپ کا آغاز،
پاکستان ٹینس فیڈریشن کا معذور کھلاڑیوں کیلئے بڑا اقدام، خیبرپختونخوا میں ٹیلنٹ تلاش کرنے کی کوششیں تیز کردی گئی
ایبٹ آباد ; پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) اور انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) کے اشتراک سے وہیل چیئر ٹینس ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کوچنگ کیمپ کا آغاز ایبٹ آباد میں کر دیا گیا،
جو گزشتہ بیس روز کے دوران ملک کا تیسرا بڑا مرکز بن گیا ہے جہاں اس اہم منصوبے کے تحت سرگرمیوں کا آغاز ہوا۔
ایبٹ آباد کلب ہزارہ ڈویژن میں شروع ہونے والے اس کوچنگ کیمپ کے پہلے روز چار وہیل چیئر کھلاڑیوں نے شرکت کی۔اس سے قبل لاہور اور فیصل آباد میں بھی ایسے کیمپ منعقد کیے جا چکے ہیں جہاں تیس سے زائد وہیل چیئر صارفین نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز میں حصہ لیا اور باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔
یہ کوچنگ کیمپ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے وہیل چیئر ڈیپارٹمنٹ اور پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقد کیے جا رہے ہیں، جبکہ ایبٹ آباد کیمپ خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کی نگرانی میں جاری ہے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر اور ایشین ٹینس فیڈریشن وہیل چیئر ٹینس کمیٹی کے رکن محمد خالد رحمانی نے خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر عمر ایاز خلیل کی مسلسل سرپرستی کو سراہتے ہوئے ایبٹ آباد کلب انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنے معزز کلب میں کیمپ کے انعقاد کی اجازت دی۔
کیمپ میں ناصر محمود کوآرڈینیٹر جبکہ فیصل محمود کوچ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ شرکت کرنے والے کھلاڑیوں میں فیصل محمود، حنیف مغل، ہاشم حسین، سید نور حسین شاہ، عباس احمد، محمد ریاض اور اشتیاق حسین شامل ہیں۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے حالیہ جنرل باڈی اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ رواں سال بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بھی اسی نوعیت کا وہیل چیئر ٹینس کوچنگ کیمپ منعقد کیا جائے گا تاکہ ملک بھر میں خصوصی کھلاڑیوں کو کھیلوں کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن 2025 اور 2026 کے ابتدائی مہینوں میں پشاور، کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص سمیت مختلف شہروں میں بھی ایسے کیمپس اور خصوصی ٹورنامنٹس منعقد کر چکی ہے،
جبکہ قومی کھلاڑیوں نے سری لنکا میں ہونے والے آئی ٹی ایف وہیل چیئر ٹینس ایشین کوالیفائنگ ایونٹس میں بھی دو مرتبہ شرکت کی۔



