خیبرپختونخوا مینارٹی سپورٹس فیسٹیول کا آغاز، اقلیتی کھلاڑیوں کیلئے کھیلوں کے مواقع خوش آئند قرار

خیبرپختونخوا مینارٹی سپورٹس فیسٹیول کا آغاز، اقلیتی کھلاڑیوں کیلئے کھیلوں کے مواقع خوش آئند قرار
پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام خیبرپختونخوا مینارٹی سپورٹس فیسٹیول کا آغاز طہماس خان فٹبال سٹیڈیم پشاور میں ہوگیا، جس میں صوبہ بھر سے اقلیتی برادری کے کھلاڑی کرکٹ،فٹبال، والی بال، رسہ کشی اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
فیسٹیول کا باضابطہ افتتاح سابق ممبر صوبائی اسمبلی اور انصاف مینارٹی ونگ کے صدر وزیر زادہ اور سابق ایم پی اے و سیکرٹری انصاف مینارٹی ونگ راوی کمار نے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس کاشف فرحان، سینئر نائب صدر وقاص کھوکھر، عدنان جوزف اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زادہ نے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتی برادری کے کھلاڑیوں کو کھیلوں کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اور مینارٹی سپورٹس فیسٹیول اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا، مشیر کھیل تاج محمد خان ترند اور صوبائی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی کھلاڑیوں کیلئے اس نوعیت کے ایونٹس کا انعقاد خوش آئند ہے، جس سے نہ صرف ٹیلنٹ کو آگے آنے کا موقع ملے گا بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں اور حکومت تمام طبقات کو مساوی بنیادوں پر کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔



