کرکٹ

یونس خان اور محمد حفیظ کو پی سی بی میں اہم ذمہ داریاں ملنے کا امکان

بڑی تبدیلیوں کا امکان:

یونس خان اور محمد حفیظ کو پی سی بی میں اہم ذمہ داریاں ملنے کا امکان

 پاکستان کرکٹ بورڈ قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد بڑی تبدیلیوں کے لیے تیار ہے، جہاں سابق اسٹارز کو اہم ذمہ داریاں سونپنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ٹیم کی مسلسل ناکامیوں کے بعد بورڈ حکام شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔

بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد ہیڈ کوچ سرفراز احمد کی کارکردگی پر بورڈ نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے دورے سے قبل سرفراز احمد کو عہدے سے ہٹا کر یونس خان کو ہیڈ کوچ بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اگر سرفراز احمد کو کوچنگ کے منصب سے ہٹایا جاتا ہے تو انہیں بورڈ میں کسی دوسرے کردار میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ پی سی بی حکام اس حوالے سے تمام تر پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ ٹیم کی کارکردگی کو فوری طور پر بہتر بنایا جا سکے۔

اُدھر سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ کی بھی بورڈ حکام سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے ملکی کرکٹ کی بہتری کے لیے دوبارہ کام کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ محمد حفیظ کو سلیکشن کمیٹی یا ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کا اہم عہدہ ملنے کا قوی امکان ہے۔

محمد حفیظ نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ سابق ڈائریکٹر ٹیم اپنے پچھلے تجربے کی روشنی میں مکمل اختیارات کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں تاکہ اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنا سکیں۔

دریں اثنا ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے اور بورڈ نے انہیں ازخود مستعفی ہونے کا پیغام پہنچا دیا ہے۔ بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں ناکامی کے بعد کپتان نے مزید مواقع مانگے ہیں، تاہم بورڈ کے لیے متبادل آپشنز تلاش کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔

بابر اعظم اور سلمان علی آغا کی حالیہ کارکردگی پر بھی بورڈ مطمئن نہیں ہے، جس کے باعث قیادت اور کوچنگ کے معاملات پر جلد حتمی فیصلے متوقع ہیں۔

بورڈ ذرائع کے مطابق قیادت کے لیے متبادل آپشنز محدود ہیں۔ سلمان علی آغا کی انفرادی کارکردگی غیر تسلی بخش قرار دی جا رہی ہے، جبکہ بابر اعظم کو متعدد مواقع ملنے کے باوجود ٹیم کو مستقل فتوحات کی راہ پر نہیں ڈال سکے۔

قومی ٹیم کا اگلا بڑا امتحان ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہے جو 25 جولائی سے شروع ہوگی، جبکہ اس کے بعد اگست میں انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، جس کے لیے ٹیم کی کارکردگی اور قیادت پر حتمی فیصلوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!