
ٹیسٹ کپتان بابر اعظم 32 برس کے ہو گئے، بھائیوں کے ساتھ سالگرہ کا کیک کاٹا
لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم 32 برس کے ہو گئے ہیں۔بابر اعظم نے اپنی سالگرہ کا کیک اپنے بھائیوں کے ہمراہ گھر پر کاٹا۔
سالگرہ کی تقریب انتہائی سادگی سے منعقد کی گئی، جس میں قریبی فیملی ممبران نے شرکت کی۔
سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کرکٹ سے محبت کے اظہار کے لیے بابر اعظم کی سالگرہ کے کیک پر بیٹ اور بال نمایاں تھے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کا شمار دنیا کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے اور وہ اس وقت ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ ان کی سالگرہ پر شائقین کرکٹ، ساتھی کھلاڑیوں اور پی سی بی کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔
بابر اعظم نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران متعدد اعزازات حاصل کیے۔ بابر اعظم کو 2021 میں آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا تھا، جو ان کی نمایاں کارکردگی کا اعتراف تھا۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی بابر اعظم نے رنز بنانے کے حوالے سے نمایاں مقام حاصل کیا جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں میں بھی ان کا نام شامل ہے۔



