کرکٹ

یاسین اختر ٹی ٹونٹی کپ: امپیریل کلب کا شاندار اپ سیٹ، فاران سپورٹس کلب کو 39 رنز سے شکست

یاسین اختر ٹی ٹونٹی کپ: امپیریل کلب کا شاندار اپ سیٹ، فاران سپورٹس کلب کو 39 رنز سے شکست

لاہور: یاسین اختر ٹی ٹونٹی کپ میں ایک بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں آیا جب امپیریل کلب نے ٹورنامنٹ کی مضبوط اور فیورٹ ٹیم فاران سپورٹس کلب کو 39 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔

یہ دلچسپ مقابلہ جلو اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں دونوں ٹیموں نے اعلیٰ معیار کی کرکٹ پیش کی۔

امپیریل کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ خضر حیات نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 64 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ ارجمند حفیظ 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ فاران سپورٹس کلب کی جانب سے محمد طیب، نواز اور فلک شیر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں فاران سپورٹس کلب کی ٹیم امپیریل کلب کے باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکی اور پوری ٹیم 134 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ سفیان علی نے 64 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے کی کوشش کی لیکن دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

امپیریل کلب کے باؤلرز نے شاندار نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔ شاہد خان نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ احمد زادہ نے 3 وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ غیرمعمولی باؤلنگ کارکردگی پر شاہد خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی (مین آف دی میچ) قرار دیا گیا۔

میچ کے اختتام پر امپیریل کلب کے صدر مشہود حسین شیرازی نے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فاران سپورٹس کلب جیسی مضبوط اور تجربہ کار ٹیم کے خلاف کامیابی یقیناً ایک بڑا کارنامہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اصل فتح کھیل اور سپورٹس مین شپ کی ہوئی ہے، دونوں ٹیموں نے بہترین کرکٹ پیش کی اور شائقین کو ایک یادگار مقابلہ دیکھنے کو ملا، جس پر تمام کھلاڑی داد کے مستحق ہیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!