
ایبٹ آباد نے کراچی وائٹس کو 9 وکٹوں سے ہرا کر نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ جیت لیا
لاہور، ایبٹ آباد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں کراچی وائٹس کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فائنل میں کراچی وائٹس کی ٹیم 19ویں اوور میں 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ثاقب خان 22 رنز کے ساتھ ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے جبکہ سعود شکیل 17 اور شان مسعود 16 رنز بنا سکے۔ ہارون ارشد نے 13 اور خواجہ نافع نے 10 رنز اسکور کیے۔
ایبٹ آباد کی جانب سے ارشد اقبال نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان، رضا اللہ اور شہاب خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وسیم جونیئر ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
119 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایبٹ آباد نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مطلوبہ اسکور صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
شاہ زیب خان اور کامران غلام نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 45، 45 رنز کی اننگز کھیلیں اور اپنی ٹیم کو بآسانی فتح سے ہمکنار کیا۔
اس شاندار کامیابی کے ساتھ ایبٹ آباد نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا اور پورے ایونٹ میں اپنی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا۔
بہترین باؤلر اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ سیالکوٹ کے اسامہ میر لے اڑے، انہوں نے ٹورنامنٹ میں 16 وکٹیں حاصل کیں ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر بیٹر کا ایوارڈ کراچی بلوز کے عثمان خان کو دیا گیا
چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد سید اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 50 لاکھ روپے انعام اور ٹرافی دی گئی، رنز اپ ٹیم 25 لاکھ روپے کی حقدار بنی



