
چیئرمین پی سی بی کی تمیم اقبال کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد
محسن نقوی نے اپنے تہنیتی پیغام میں تمیم اقبال کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا صدر منتخب ہونا کرکٹ کے فروغ کے لیے خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمیم اقبال نے بطور کرکٹر شاندار خدمات انجام دیں اور انہیں کرکٹ کے معاملات کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔
محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ تمیم اقبال کی سربراہی میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ملک میں کرکٹ کے فروغ اور کھیل کی بہتری کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ممالک کرکٹ کے فروغ کے لیے باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔
کرک انفو کے مطابق اتوار کے روز ڈھاکا میں ہونے والے انتخابات میں تمیم اقبال اس عہدے کے لیے واحد امیدوار تھے، وہ مجموعی طور پر 4 سالہ مدت کے لیے بورڈ کی قیادت کریں گے۔
واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں بنگلادیشی حکومت نے سابق صدر امین الاسلام کی قیادت میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تحلیل کر دیا تھا۔



