
فیفا ورلڈ کپ 2026: جنوبی کوریا نے چیک ریپبلک کو 1-2 سے شکست دیدی
ویب ڈیسک: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے میچ میں جنوبی کوریا نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے چیک ریپبلک کو 1-2 سے شکست دے دی۔
میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، تاہم دوسرے ہاف میں جنوبی کوریا نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کرلی۔
جنوبی کوریا کی جانب سے پہلا گول وانگ ای بیوم نے 67ویں منٹ میں اسکور کیا، جبکہ اوہیون گیو نے 80ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری مستحکم کردی۔
اس سے قبل ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان میکسیکو نے جنوبی افریقا کو 0-2 سے شکست دی تھی۔
ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں میکسیکو کی ثقافت کے رنگ نمایاں رہے اور مختلف فنکاروں نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا۔ تقریب میں عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا نے ورلڈ کپ کے آفیشل اینتھم پر پرفارم کیا، جبکہ برنا بوائے بھی ان کے ہمراہ اسٹیج پر موجود تھے۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار 48 ٹیمیں ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہی ہیں۔ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا مشترکہ طور پر میگا ایونٹ کی میزبانی کر رہے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے دوران میکسیکو اور کینیڈا میں 13، 13 جبکہ امریکا میں 78 میچز کھیلے جائیں گے۔ مجموعی طور پر ورلڈ کپ 2026 میں 104 میچز منعقد ہوں گے۔



