
فیفا نے ارجنٹینا بمقابلہ مصر میچ کے بعد سامنے آنے والے تنازع پر ردعمل دے دیا
فیفا نے ارجنٹینا اور مصر کے درمیان فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ریفری کے متنازع فیصلوں پر اٹھنے والے سوالات کے بعد باضابطہ بیان جاری کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ ارجنٹینا نے دو گول کے خسارے کے باوجود مصر کو 3-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی، تاہم میچ کے دوران چند اہم فیصلوں پر مصری فٹبال فیڈریشن نے شدید احتجاج کیا تھا۔
مصری فٹبال فیڈریشن نے الزام عائد کیا تھا کہ ریفری اور وی اے آر حکام نے کئی واضح غلطیاں کیں اور بعض اہم مناظر کا جائزہ لینے سے بھی گریز کیا، جس کے باعث میچ کا نتیجہ متاثر ہوا۔ فیڈریشن نے فرانسیسی ریفری فرانسوا لیٹیکسیئر اور ان کی پوری آفیشل ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
دوسری جانب فیفا کے چیف ریفری آفیسر پیئرلوئیجی کولینا نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ کے ریفریز کی دیانت داری پر سوال اٹھانا ناقابل قبول ہے۔
کولینا کے مطابق وی اے آر ہر گول سے پہلے اٹیکنگ پلے کا مکمل جائزہ لیتا ہے اور اگر گول بننے سے پہلے کوئی فاؤل ثابت ہو جائے تو گول منسوخ کیا جا سکتا ہے، چاہے وہ واقعہ گول سے کافی پہلے پیش آیا ہو۔
انہوں نے مصر کے منسوخ کیے گئے گول کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مصری کھلاڑی مروان عطیہ نے ارجنٹینا کے لیسانڈرو مارٹینیز کے پاؤں پر قدم رکھا تھا، جو قوانین کے مطابق فاؤل تھا، اسی لیے وی اے آر نے مداخلت کی۔
کولینا نے محمد صلاح اور جولیان الواریز کے درمیان ہونے والے تصادم پر بھی بات کی اور کہا کہ ریفری اور وی اے آر دونوں نے اسے فٹبال کے دوران ہونے والا معمول کا جسمانی رابطہ قرار دیا، اس لیے پنالٹی نہیں دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ فٹبال میں بعض فیصلوں میں رائے کا فرق ہو سکتا ہے، لیکن فیفا ریفری ڈیپارٹمنٹ ان فیصلوں کے اطلاق سے مطمئن ہے۔
واضح رہے کہ مصر کی فٹبال فیڈریشن نے فیفا کو باضابطہ شکایت بھی جمع کرا دی ہے اور ریفری ٹیم کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی میچ کے بعد ارجنٹینا کے حق میں جانبداری کے الزامات زیر بحث رہے۔
ارجنٹینا اب کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کا سامنا کرے گا، جبکہ اس میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل میں انگلینڈ یا ناروے سے ٹکرائے گی۔



